ڈیرہ بگٹی: دہشت گرد ہلاک : قلات، مشیر خزانہ قاتلانہ حملے میں محفوظ

May 11, 2015

ڈیرہ بگٹی + کوئٹہ + قلات (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں ایف سی نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے مقابلے کے بعد ایک مطلوب دہشت گرد کو ہلاک کردیا جبکہ تین دہشت گردوں کو گرفتارکر لیا گیا ہے جبکہ قلات میں مشیر خزانہ بلوچستان میر خالد لانگو کے قافلے پر فائرنگ کردی گئی تاہم خالد لانگو اس قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے۔ گزشتہ روز ترجمان ایف سی کے مطابق سوئی کے علاقے میں ایف سی نے سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن میں مقابلے کے بعد ایک مطلوب دہشت گرد کو ہلاک کر دیا گیا جبکمہ کارروائی کے دوران 3 دہشتگردوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار دہشت گردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ گرفتار دہشت گرد گیس پائپ لائن اڑانے اور سرکاری تنصیبات کو نقصان پہنچانے میں ملوث ہیں۔ ادھر قلات میں منگوچہ کے قریب مشیر خزانہ بلوچستان میر خالد لانگو کے قافلے پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔ لیویز ذرائع کے مطابق لیویز اور ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا خالد لانگو کی حفاظت پر مامور لیویز گارڈ پر فائرنگ کی گئی ڈپٹی کمشنر قلات کے مطابق مشیر خزانہ محفوظ رہے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ علاوہ ازیں صوبہ بلوچستان کے دو مختلف علاقوں سے دو افراد کی تشدد زدہ نعشیں ملی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان سے متصل سرحدی علاقے چمن میں ایک شخص کی تشدد زدہ نعش ملی ہے۔ دوسری تشدد زدہ نعش ضلع قلات کے علاقے جوہان سے ملی۔ اسے سر میں گولی مار کر ہلاک کیا گیا۔ ہلاک کئے جانے والا شخص کوئٹہ کے قریب کچلاک کا رہائشی تھا۔ علاوہ ازیں ایف سی نے حب میں کارروائی کرکے چار دہشت گرد گرفتار کر لئے اور اسلحہ برآمد کر لیا دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ مزید برآں خیرپور کے علاقے پریالو سے پولیس نے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرکے دو دستی بم اور کلاشنکوف برآمد کر لی۔
دہشت گرد ہلاک

مزیدخبریں