لاہور (وقائع نگار خصوصی+کامرس رپورٹر) تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی نے کہا ہے ہماری نیت پر شک نہ کیا جائے۔ ہمارا مطالبہ ہے پانامہ پیپرز میں شامل تمام افراد کو تحقیقات کی یکساں کسوٹی پر پرکھا جائے۔حکومت نے پانامہ لیکس کے معاملے پر اپوزیشن سے رابطہ قائم کر لیا ہے۔لاہور میں ٹیکس بار کے عہدیداروں سے پانامہ لیکس کے معاملے پر مشاورت کے بعد پریس بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا تحریک انصاف ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے کسی بھی کوشش کی حمائت کرتی رہے گی اسلئے کرپشن کیخلاف جماعت اسلامی کے ٹرین مارچ کی بھر پور حمائت کا اعلان کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا جس ایوان نے وزیر اعظم کو منتخب کیا وزیر اعظم اسی کے سامنے خود کو جواب دہ نہیں سمجھتے۔ لاہور، اسلام آباد اور کراچی میں رہنے والے بڑے طبقہ کے چند افراد نے بڑا ڈاکہ مارا۔ کرپشن سے لوٹی دولت آف شور کمپنیوں میں لگا کر قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا۔ اسحاق ڈار تین جون کو چوتھا ناکام بجٹ پیش کرنے جا رہے ہیں جو حکومتی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
پانامہ پیپرز میں شامل تمام افراد کو یکساں کسوٹی پر پرکھا جائے: شاہ محمود
May 11, 2016