اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے کراچی میں واقع اسلامک سنٹر کو سینما میں تبدیل کرنے سے متعلق سوموٹو کیس میں جواب جمع نہ کرانے پرکراچی کی ضلعی حکومت اورکراچی میونسپل کارپوریشن کو پچاس پچاس ہزار روپے جرمانہ کرتے ہوئے سماعت ایک ہفتہ کیلتے ملتوی کردی ہے۔ ضلعی حکومت کراچی اورکراچی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ایڈووکیٹ آن ریکارڈ نے پیش ہوکرعدالت کوآگاہ کیاکہ وہ عدالتی احکامات کی روشنی میں اپنااپناجواب جمع نہیں کراسکے ہیں، چیف جسٹس نے کہاکہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے دونوں سے جواب مانگا تھا لیکن اس کے باوجود جواب نہیں جمع کیاجاسکا عدالتی حکم مذاق نہیں عدالت کا وقت بھی قیمتی ہے۔