حافظ سعید اور دیگر رہنماﺅں کی نظر بندی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے: عبدالرحمن مکی

May 11, 2017

لاہور (خصوصی نامہ نگار) دفاع پاکستان کونسل و جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی نے کہا ہے کہ بیرونی قوتیں پاکستان کے مغربی بارڈر پر بھی مستقل جنگ کی کیفیت پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ وطن عزیز پاکستان کا چاروں اطراف سے گھیراﺅ کیا جارہا ہے۔ حافظ محمد سعید ودیگر رہنماﺅںکی نظربندی کو سو دن مکمل ہو چکے‘ محض بھارتی دباﺅ پر انہیں نظربند رکھنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ مرکز تقویٰ کراچی میں کارکنان و ذمہ داران کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت سرکار کشمیریوں کی حالیہ تحریک سے سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ سیدہ آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی اور مسرت عالم بٹ پر پی ایس اے قانون لاگوکرنے پر حقوق انسانی کے نام نہاد بین الاقوامی اداروں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اس وقت پورے عروج پر ہے۔ پاکستان میں حافظ محمد سعید جیسے محب وطن رہنماﺅں کی نظربندی سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے ریاستی دہشت گردی کا ارتکاب کرتے ہوئے نہتے کشمیریوں کاقتل عام کررہاہے۔ مختلف حیلے بہانوں سے حریت پسند قائدین کو نظربند کردیا جاتاہے ۔اخلاقی لحاظ سے بھارت اتنا گرگیاہے کہ وہ خواتین کا احترام بھی بھول گیا ہے ۔ سیدہ آسیہ اندرابی کو پہلے گھر سے گرفتار کیا گیا اب ان پر 35پی ایس اے لاگو کر دیا گیا ہے ۔تحریک آزادی کشمیر میں کردار ادا کرنے والی خواتین کی گرفتاریاں بھارتی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہیں۔انہوںنے کہا کہ ہم سوال کرتے ہیں کہ کیا مظلوموں اور غریبوں کی مدد کرنا دہشت گردی ہے؟ حکمران اپنے دوستوں اور دشمنوں میں فرق کریں۔

مزیدخبریں