چمن (اے این این+ صباح نیوز+ آئی این پی) بابِ دوستی بدستور چھٹے روز بھی بند ہے جس کے باعث نیٹو سپلائی افغان ٹرانزٹ ٹریڈ سمیت پیدل آمدورفت بدستورمعطل ہے۔ سکےورٹی حکام کے مطابق کابل اور اسلام آباد پاک افغان سرحد کھولنے سے متعلق حتمی فیصلہ کریں گے جس کے بعد (آج) بروز جمعرات سرحدی حکام کے درمیان فلیگ میٹنگ کا امکان ہے۔ کنٹینرز میں پڑی اشیاءخراب ہونے لگیں۔ دوسری طرف ڈی جی پی ڈی ایم اے نے متاثرین میں ایک سال پرانی اشےاءتقسیم کرنے کا نوٹس لے لیا۔ پاکستان میں افغان سفیر حضرت عمر زخیل وال نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستانی فورسز مردم شماری کے دوران سپن بولدک کے علاقے میں ڈیورنڈلائن کو پار کر گئے تھے جو نہ صرف افغان خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی بلکہ واضح اشتعال انگیزی بھی تھی کیونکہ ہم نے پاکستانی سکیورٹی فورسز کی قیادت کو واقعہ سے پہلے آگاہ کیا تھاکہ ہمارے دیہات میں سروے کیا گیا تو اسے چیلنج کیا جائے گا۔ عمر زخیل وال نے اپنے آفیشل فیس بک اکاﺅنٹ پر جاری بیان میں کہاکہ میں نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کرکے اس تصور کو چیلنج کیا ہے کہ چمن میں پاکستانی اور افغان سیکورٹی فورسز کے درمیان بدقسمتی سے ہونے والی حالیہ جھڑپ میں ہماری طرف سے اکسایا گیا تھا۔
چمن سرحد / سفیر