لاہور (سپیشل رپورٹر) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کی جانب سے ناصر باغ تا پنجاب سول سیکرٹریٹ تک احتجاج کرتے ہوئے سیکرٹریٹ کا گھیراﺅ کیا گیا جس کی وجہ سے سیکرٹریٹ کے اطراف میں ٹریفک کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا احتجاج میں یونائیٹڈ ہیلتھ فیڈریشن کے ساتھ ڈینگی ملازمین کی ریگولیشن کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی اور گزشتہ 5سال سے مسلسل اتوار اور عید کے دنوں میں ڈیوٹی کروائے جانے پر زبردست احتجاج کیا گیا اور سیکرٹری ہیلتھ کے خلاف بھی شدید نعرے بازی کی گئی جس پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے سیکرٹری ہیلتھ سے ڈینگی ملازمین سے اتوار کے روز ڈیوٹی کروانے کی وضاحت طلب کر لی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں تمام محکمہ جات کے ملازمین ناصر باغ میں جمع ہوئے جہاں سے گیارہ بجے جلوس پنجاب سول سیکرٹریٹ کی طرف روانہ ہوا اور پنجاب سول سیکرٹریٹ کے سامنے احتجاجی مظاہر ہ اور گھیراﺅ کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے یونائیٹڈ ہیلتھ فیڈریشن کی جانب سے مشتاق گجر، محمد سلیمان خان نے بتایا کہ گزشتہ پانچ سالوں سے ڈینگی کے ملازمین کو اتوار سمیت عید کی بھی چھٹی نہیں دی جاتی اور نہ ہی ان کی ریگولیشن پر کوئی بھی مثبت قدم اٹھایا گیا لہذا اب ڈینگی ملازمین کسی بھی سرکاری چھٹی والے دن کوئی بھی ڈیوٹی سرانجام نہیں دیں گے۔ جلوس کی قیادت ایپکا کے صوبائی صدر محمد سلطان مجددی ، میاں محمد فاضل،چوہدری عبدالشکور، عبدالعزیزچانڈیو، محمد مشتاق گجر، محمد ندیم چغتائی، ملک ممتاز علی کھوکھر، رضوان لودھی، چوہدری منظور، محمد افضل کمبوہ نے کی۔ ایپکا کے صوبائی صدر محمد سلطان مجدی نے کہا کہ ملازمین کے مطالبات تسلیم کرنے کے سوا حکومت کے پاس کوئی بھی چارہ نہیں رہا اور ہر صورت میں تمام مطالبات تسلیم کرنے پڑیں گے۔ انہوں نے مزید کہا اگر مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو ملازمین دوبارہ 24مئی کوپنجاب سول سیکرٹریٹ کے سامنے احتجاج کریں گے۔ لاہور کے علاوہ ملتان، مظفرگڑھ، بہاولپور، لودھراں، اوکاڑہ ، پاکپتن، چکوال ، اٹک، بھکرکے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی مظاہرے کئے گئے۔
ایپکا احتجاج