کراچی(کرائم رپورٹر) لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں مسلم لیگ ن کے علاقائی صدر پر قاتلانہ حملے کے بعد پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد مارے گئے جبکہ اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلئے گئے کلاکوٹ میں غریب شاہ مزار کے نزدیک مسلح دہشت گردوں نے بدھ کی شب مسلم لیگ نواز کے علاقائی صدر عقیل رحمانی کے دفتر میں گھس کرفائرنگ کی تھی جس میں عقیل رحمانی سمیت تین افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ دہشت گردوں نے فرار ہوتے ہوئے ایک دستی بم بھی پھینکا تھا جس کے دھماکے سے ایک راہگیر عمران بھی زخمی ہوا تھا۔ عقیل رحمانی کے گارڈز کی جوابی فائرنگ سے دو ملزم بھی زخمی ہوئے تھے جنہیں بعد میں پولیس نے گرفتارکیا۔ اسد اورطلحہ کی نشاندہی پر پولیس نے کلاکوٹ میں سرچ آپریشن شروع کیا تو مل ایریا کیمیکل والی گلی میں موجود ملزم نے پولیس پر فائرنگ کی اور پولیس کی جوابی فائرنگ سے تین ملزم ہلاک ہوگئے جن کی شناخت پولیس کے مطابق یاسر‘ رفیق اور گلریز کے ناموں سے ہوئی ہے ان تینوں کے قبضے سے دستی بموں سمیت اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ دہشت گردوں کا تعلق لیاری گینگ وار میں ملوث زاہد لاڈلا گروپ سے ہے اور وہ ٹارگٹ کلنگ بھتہ خوری اور دستی بموں کے حملوں سمیت سنگین جرائم میں ملوث تھے۔
حملہ
کراچی: لیگی عہدیدار پر قاتلانہ حملہ کے بعد پولیس کا سرچ آپریشن، 3دہشتگرد مارے گئے
May 11, 2018