لاہور (نامہ نگار) گلشن راوی کے علاقے میں کاروباری تنازعہ پر داماد نے فائرنگ کر کے سسرکوموت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہو گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گلشن راوی کے علاقے ایف بلاک میں 62 سالہ حنیف طاہر نے اپنے داماد سلیمان کے ساتھ مل کر تعمیراتی کمپنی کا دفتر بنا رکھا تھا۔گزشتہ روز محمد سلیمان کا کاروباری لین دین کے تنازعہ پر اپنے سسر 62سالہ حنیف طاہرکے ساتھ جھگڑاہو گیا۔ جس پر محمد سلیمان نے طیش میں آکر اپنے سسر حنیف طاہر پر فائرنگ کردی۔ جس کی زد میں آ کر حنیف طاہر موقع پرہی ہلاک ہو گیا جبکہ ملزم فرار ہو گیا ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش قبضے میں لے کرپوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرا دی ہے۔ مقتول حنیف طاہر قصور کا رہائشی اور عارضی طور پر لاہور میں ٹیک سوسائٹی میں رہائش پذیر تھا۔ ملزم کی تلاش کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔