لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کیخلاف آج جمعہ کو ملک گیر سطح پر یوم احتجاج منایا جائے گا‘ چاروں صوبوں و آزاد کشمیر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ اسی طرح شہروں و علاقوں میں کشمیری شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی جائے گی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں سب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ چوبرجی چوک میں کیاجائے گا۔احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں سے سیاسی، مذہبی و کشمیری جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔ حافظ محمد سعید کی اپیل پر ملک بھر میں علماء کرام اور مذہبی قائدین خطبات جمعہ میں کشمیر میں جاری ظلم و بربریت کو موضوع بنائیں گے اور اس حوالہ سے مذمتی قراردادیں پاس کی جائیں گی۔اپنے بیان میں جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ کشمیر کی تحریک تیزی سے منزل کی جانب بڑھ رہی ہے۔جہاں شہداء کا خون گر جائے اس تحریک کو کوئی کامیابی سے نہیں روک سکتا۔ بین الاقوامی دنیا کشمیریوں پر ظلم و بربریت کا نوٹس لے اور بھارت سرکار کی طرف سے کشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ بند کروایا جائے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں غاصب بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے نام پر نہتے کشمیریوں کی بدترین قتل و غارت گری کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ بھارتی فوج جہاں چاہتی ہے کریک ڈاون کرتی ہے ، لوگوں کے گھروں میں گھس کر چادر چاردیواری کا تقدس پامال کیا جاتا ہے اور پر امن مظاہرین پر فائرنگ کر کے نہتے کشمیریوں کا خون بہایا جارہا ہے۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ آج ہر شخص کے دل میں کشمیریوں کی مددکا جذبہ موجود ہے ہیں۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس کا حصول پاکستان کے لئے ز ندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ہم لازوال قربانیاں پیش کرنے پر کشمیری قوم کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے اپنے سینوں پر گولیاں کھا رہے ہیں تو ہمیں بھی آج پاکستان میں وہی ماحول پیدا کرنا ہے جو کشمیر میں ہے۔ ہم اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کو کسی طور تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
نہتے کشمیریوں کے قتل عام کیخلاف آج ملک گیر یوم احتجا ج منایا جائیگا: حافظ سعید
May 11, 2018