طاقت کی بجائے محبت کی حکمت عملی اپنائی، نتیجہ جیوے جیوے بلوچستان نکلا: ناصر جنجوعہ

May 11, 2018

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) افعانستان کو بچانے میں پاکستان کا کردار ہے، ناصر جنجوعہ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی امور لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ نے کہا ہے افعانستان کے بعد کوئی سب سے زیادہ متاثر ملک ہے تو وہ پاکستان ہے، مشکل حالات میں بھی پاکستان افعانستان کے ساتھ کھڑا ہوا اور افعانستان کو بچانے میں پاکستان کا کردار ہے۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے افغانستان کو ایشیا کا دل قرار دیتے ہوئے کہا ہمیں اپنے پڑوسی ملک کا امن عزیز ہے، ہمارا افغانستان سے تعلق بڑا مضبوط ہے، افغانستان کے بچوں نے جنگ کے سوا کچھ نہیں دیکھا۔ جب سوویت یونین افغانستان میں آیا تو پاکستان افغانستان کے ساتھ کھڑا ہوا پاکستان اور افغانستان دو بھائی ہیں اور بھائیوں میں کیا تقسیم ہے۔ پاکستان افغانستان کے ساتھ کھڑا نا ہوتا تو کیا آج افغانستان ہوتا؟ افغانستان کو تباہی وبربادی کے بعد کون چھوڑ کر گیا؟ انہوں نے کہا افعانستان میں خانہ جنگی نے دہشت گردی کو فروغ دیا جبکہ پاکستان نے نائن الیون کے بعد دہشت گردی کے خلاف دنیا کا ساتھ دیا۔ امریکا نے طالبان کی حکومت ختم کی لیکن طاقت کا بیتحاشہ استعمال ہوا جس کی طالبان نے اس زخم خوردہ سوسائٹی کی ہمدردی حاصل کی۔ انہوں نے کہا طالبان نے امریکا اور عالمی برادری کو غاصب قرار دیا، آج بھی طالبان اس جنگ کو اپنے وطن کی آزادی کی جنگ کہتے ہیں۔ امریکا ہم پر الزام عائد کر رہا ہے ہم طالبان کی حمایت کر رہے ہیں، طالبان ہم پر امریکا کی حمایت کا الزام عائد کر رہے ہیں، ہمیں نتیجے میں کالعدم تحریک طالبان ملی جس سے ہم لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم نے سب نیشنل ازم کا مقابلہ نیشنل ازم سے کیا اور طاقت کے بجائے محبت کی حکمت عملی اختیار کی، نتیجہ جیوے جیوے بلوچستان اور جیوے جیوے پاکستان کی صورت میں نکلا۔ آج بلوچستان میں لوگو ں نے ہتھیار پھینک دیے ہیں اور وہاں ملک کے دیگر حصوں سے زیادہ قومی پرچم لہرایا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں