اسلام آباد (اے پی پی) وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں میں پٹرولیم و قدرتی وسائل ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کے لئے اب تک مجموعی طورپر 15 ارب 51کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کئے ہیں، حکومت نے اس ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کے لئے رواں مالی سال میں 16 ارب 4 کروڑ 99لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز مختص کئے ہیں۔ پلاننگ کمشن کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق حکومت نے سیالکوٹ میں گیس سکیموں کے لئے 10کروڑ20 لاکھ، ضلع گجرات میں گیس سپلائی سکیموں کے لئے 17 کروڑ ، ضلع خانیوال میں گیس سپلائی کے لئے 20کروڑ، ضلع لیہ میں گیس سپلائی کے لئے 40کروڑ، ضلع خوشاب میں گیس سپلائی کے لئے 12 کروڑ، ضلع اوکاڑہ میں گیس سپلائی کے لئے 25 کروڑ ، ضلع بھکر میں گیس سپلائی کے لئے 27 کروڑ، کوہاٹ میں گیس سپلائی کے لئے 50کروڑ، ضلع سیالکوٹ میں گیس سپلائی کے لئے 43 کروڑ، بہاولنگر میں گیس سپلائی کے لئے 50کروڑ روپے سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز جاری کردیئے ہیں۔وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں میں پورٹس اینڈ شپنگ ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کے لئے اب تک مجموعی طورپر ایک ارب 45کروڑ 39 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کئے ہیں، حکومت نے اس ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کے لئے رواں مالی سال میں 12 ارب 77 کروڑ|56لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز مختص کئے ہیں۔ پلاننگ کمشن کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق حکومت نے گوادر میں آئل سٹوریج کے ضمن میں زمین کی خریداری کے لئے 2کروڑ 90لاکھ، گوادر میں ورکشاپ کے ضمن میں زمین کی خریداری کے لئے 87 لاکھ، جی پی اے ہائوسنگ کمپلیکس کی اپ گریڈیشن کے لئے 14کروڑ 62لاکھ، ملا بینڈ ایریا میں ترقیاتی کاموں کے لئے 85کروڑ، سی پیک کے تحت ایسٹ بے ایکسپریس وے کی تعمیر کے لئے 18کروڑ روپے سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز جاری کردیئے ہیں۔ دریں اثناء وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں میں ریونیو ڈویژن کے مجموعی طورپر 70کروڑ 71لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کئے ہیں۔ حکومت نے اس ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کے لئے رواں مالی سال میں79 کروڑروپے سے زائد کے فنڈز مختص کئے ہیں۔ پلاننگ کمشن کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق حکومت نے اسلام آباد میں ریجنل ٹیکس آفس کی تعمیر کے لئے 6کروڑ 40 لاکھ، پورے پاکستان میں ان لینڈ ریونیور آفسز کے قیام کے لئے 14کروڑ 80لاکھ، آئی ٹی ٹی ایم ایس سسٹم کے ترقیاتی کاموں کے لئے 14کروڑ روپے سمیت مختلف ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔