کراچی (اسپورٹس رپورٹر)وکٹری اسپورٹس فٹبال کلب کے زیر اہتمام آل کراچی عبدالعزیز بابو یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ کے سلسلے کا شاندارمیچ ملیر نیشنل اور جھولے لعل فٹبال کلب کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جس میں ملیر نیشنل نے انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جھولے لعل کی ٹیم کو آئوٹ کلاس کردیا۔ میچ کا آغاز ہوا تو ملیر نیشنل کے فارورڈز نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور شروع میں ہی مخالف ٹیم پر دبائو بڑھادیا تماشائیوں کی بڑی تعداد کی موجودگی میں اسٹار فارورڈز نبی بخش اور حمزہ نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں میچ کے پہلے ہاف میں ملیر نیشنل نے مد مدمقابل جھولے لعل کے خلاف صفر کے مقابلے میں دو گول کی برتری حاصل کی جبکہ میچ کے دوسرے ہاف میں بھی ملیر نیشنل نے اسی طرز کے کھیل کا مظاہرہ کیا جس کی بدولت مزید دو گول اسکور کرکے ملیر نیشنل نے یہ مقابلہ صفر کے مقابلے میں چار گول سے جیت لیا۔ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں گرین مجاہد کا سامنا بلوچ یوتھ ملیر سے ہوا جوسنسنی خیز ثابت ہوا اور دونوں ٹیموں نے قدرے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا میچ کے پہلے ہاف کے سولہویں منٹ میں فاتح ٹیم کے اختر نے گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلائی جبکہ دوسرے ہاف میں گرین مجاہد کے وحید نے اپنی ٹیم کا دوسرا گول اسکور کرکے میچ میں پوزیشن مضبوط کردی بلوچ یوتھ فٹبال کلب کے فارورڈز نے گول برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن اس کے فارورڈز کوئی بھی گول اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے اور اس طرح میچ صفر کے مقابلے میں دو گول سے اپنے نام کرلیا۔میچ میں ریفری کے فرائض عزیز بادشاہ، نصیر عمر اورمحمود رضا نے انجام دیئے میچ کمشنر رسول بخش بلوچ جبکہ میڈیا کوآرڈینیٹر اسلم کامریڈ تھے۔