لاہور(کلچرل رپورٹر)ممتاز ہدایتکار سید نور نے ایران کے ساتھ مشترکہ فلمسازی کے تحت فلم بنانے کا اعلان کردیا۔ اس حوالے انہوں نے گزشتہ روزمقامی کلب میں پریس کانفرنس کا اہتمام کیاجس میں ایرانی اداکار آغائے مہدی ناد علی اور پاکستانی نژاد ایرانی بزنس مین فاروق مغل نے شرکت کی ۔سیدنورکا کہنا تھاکہ میں نے حال ہی میں فجر انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ایران میں صائمہ کے ہمراہ کے شرکت کی جو میرا وہاں تیسرا دورہ تھا۔اس دورے کے دوران پاکستانی ایمبیسی کے افسران کے توسط سے فاروق مغل سے ملاقات ہوئی اور انکے ساتھ مشترکہ فلمسازی کا پلان بنا۔فلم میں پاکستانی اور ایرانی فنکار اداکاری کے جوہردکھائیں گے جس کی شوٹنگ پاکستان ،ایران اور ترکی میں ہوگی۔ایک سوال کے جواب میںانکا کہنا تھا کہ فلم کا مصنف اور ہدایتکار میں ہوں اور اسے فاوق مغل پروڈیوس کرینگے ۔ آغائے مہدی ناد علی ایرانی آرٹسٹوں کی تنظیم کے سربراہ ہیں۔ان کے ذریعے فنکاروں کوکاسٹ کیاجائے گا۔ فلم اداکارہ صائمہ بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔ سیدنور نے بتایا کہ فجر انٹرنیشنل فیسٹیول میںتمام ملکوں سٹال لگے تھے پاکستانی فلمی صنعت کاسٹال نہیں تھا۔ ہماری کوشش ہوگی کہ آئندہ وہاں پاکستان کابھی سٹال لگے۔
سید نور نے ایران کیساتھ مشترکہ فلمسازی کے تحت فلم بنانے کا اعلان کردیا
May 11, 2019