لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خا ن نے کہا ہے کہ معاشرے میں قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے اور سماج دشمن عناصر کے قلع قمع کیلئے پولیس فورس کا جدید پیشہ ورانہ مہارتوں سے لیس ہونا بنیادی ضرورت ہے لہذپولیس لائنز میں زیر تربیت اہلکاروں کو بہترین پروفیشنل بنانے کیلئے جہاں جدید ماڈیولز پرمبنی تربیتی نصاب سے بھرپور استفادہ کیا جائے وہیں دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے مختصر دورانئے کے خصوصی کورسز کروائے جائیں تاکہ وہ عوام کی جان ومال کے تحفظ کا فریضہ عمدگی سے اداکر سکیں۔انہوں نے مزیدکہا کہ پولیس فورس کے پاس بہترین کارکردگی سے عوامی اعتماد جیتنے کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں لہذاوسائل اور افرادی قوت کی کمی کو مطلوبہ نتائج میں رکاوٹ نہ بننے دیا جائے بلکہ بھرپور محنت، ایمانداری اور خلوص نیت کے ساتھ عوامی مسائل کے ازالے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہوربی اے ناصر، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق احمد خان، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور انعام وحید، ایس ایس پی آپریشنز لاہور اسماعیل کھاڑک اور ایس پی ہیڈ کوارٹرز سید کرار حسین شاہ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔پولیس لائنز پہنچنے پر آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خا ن نے سیکیورٹی انتظامات کا جائز ہ لیا جبکہ جوانوں کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ آئی جی پنجاب نے شہدائے پولیس کے درجات کی بلندی کیلئے یادگار شہدائ پر فاتحہ خوانی بھی کی اورپولیس لائنز میں زیر تربیت اہلکاروں کی ٹریننگ کیلئے میسر سہولیات اوراور دیگر پراجیکٹس کاتفصیلی جائزہ لیا۔ آئی جی پنجاب نے ریسورس مینجمنٹ سنٹر کے دورے کے دوران پولیس فورس کے زیر استعمال ساز و سامان، یونیفارمز کی بہترین ڈیجیٹلائنزیشن پر ایس پی ہیڈ کوارٹرز سید کرار حسین کی کارکردگی کو سراہا۔دورے کے اختتام پر سی سی پی او لاہور نے آئی جی پنجاب کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔