اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اﷲ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ قوم جانتی ہے کہ سارے چور شور مچا رہے ہیں‘ ابھی اور مچائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عوام وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر اعتماد کرتے ہیں جو قوم کی امید ہیں‘ چیخیں انکی کی نکل رہی ہیں جو ملک کو آئی ایم ایف تک پہنچانے کے ذمہ دار ہیں‘ چیخیں ان کی نکل رہی ہیں جو لٹیرے ہیں‘ ان کا مال انہیں رلا رہا ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول صاحب آپ کی پرفارمنس کی قیمت سندھ کے بچے اپنی جانوں سے ادا کر رہے ہیں۔ اسلام آباد میں شور کے بجائے بلاول کو سندھ کے متاثرہ بچوں اور ان کے والدین کے ساتھ ہونا چاہئے۔ رہنما ن لیگ کے بیان پر مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے قانونی چارہ جوئی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لئے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہاکہ رانا ثناء اﷲ تین دن میں معافی مانگیں۔ مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ رانا ثناء اﷲ نے معافی نہیں مانگی تو ان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کروں گی۔