وزرا کی غیر حاضری پر اظہار برہمی، وزیراعظم کو خط لکھوں گا: چیئرمین سینٹ

May 11, 2019

اسلام آباد (ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے ایک بار پھر وزراء کی غیر حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان وزراء کے سینٹ میں نہ آنے پر سخت ایکشن لیں، وزراء کی غیر حاضری پر وزیراعظم کو خط لکھوں گا۔ جمعہ کو سینٹ کا اجلاس شروع ہوا تو چیئر مین سینٹ صادق سنجرانی نے وزرا کی سینٹ میں غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم روزانہ وزراء کا ایوان میں انتظار کرتے ہیں۔ وزراء ایوان کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے۔ وزراء اپنے رویہ میں تبدیلی لائیں۔ ایوان کے تقدس کا خیال کرنا چاہئے۔ سینٹ کو بتایا گیا ہے کہ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چینی کنٹریکٹر کی جانب سے تعمیراتی کام جون تک شروع ہونے کی توقع ہے، منصوبہ کو تین سال میں مکمل کیا جائیگا۔ وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا کہ چین نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کیلئے 35270 ملین روپے کی سو فیصد گرانٹ فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔ سینیٹر چوہدری تنویر نے کہاکہ پی آئی اے کا خسارہ دن بدن بڑھ رہا ہے، پہلے انٹرنیشنل فلائٹس کیلئے ایک ہفتے میں 500 فلائٹس جاتی تھیں۔ اب ہفتے میں انٹرنیشنل فلائٹس ایک سو ایک تک رہ گئیں وجہ؟ وزیر ایوی ایشن نے کہا کہ پی آئی اے کا نقصان 416 ارب ہے۔ سروے کے بعد فیصلہ کیا ہے جو روٹس کمرشل وائبل نہیں ان کو بند کیا گیا۔ وقفہ سوالات کے دور ان میاں عتیق نے کہا کہ اسلام آباد ائیر پورٹ پر بیگیج ہینڈلنگ کے دوران مسافروں کے بیگ کھول دئیے جاتے ہیں۔ وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے سینٹ کو بتایا ہے کہ بلوچستان سے بیرون ملک کوئی ٹریڈ آفیسر تعینات نہیں جبکہ وزیر مملکت کے بیان پر بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ارکان نے احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے واک آئوٹ کیا، چیئرمین سینٹ نے معاملہ متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔ سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ پاکستان کا بجٹ آئی ایم ایف بنائے گا۔ آئی ایم ایف حکومت کو بجٹ کی پوری ڈکٹیشن دے رہی ہے۔ جس طرح حکومت نے گھٹنے ٹیکے ہیں معاشی پالیسی بھی اب سویلین حکومت نہیں بنائے گی۔ معیشت میں ڈالر اور روپے کا گیپ ہے۔ ماضی میں سویلین حکومت ملک کی خارجہ اور دفاعی پالیسی نہیں بناتی تھی۔ اب معاشی پالیسی بھی نہیں بنا سکے گی۔ آئی ایم ایف کے وزیر خزانہ نے پاکستان سٹیل کو نجکاری کی فہرست میں شامل کر دیا جبکہ حکومت رضامند ہو گئی ہے کہ بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ چیئرمین ایف بی آر کے متعلق سیکرٹری کابینہ نے کہا کہ یہ نامزدگی ہائیکورٹ کے فیصلے کے برخلاف ہے۔

مزیدخبریں