دبئی اور قطر سے 644 پاکستانی وطن پہنچ گئے‘ قرنطینہ منتقل

اسلام آباد‘ کراچی (نوائے وقت رپورٹ‘ آن لائن) دبئی اور قطر سے 3 پروازوں کے ذریعے 644 پاکستانی واپس وطن پہنچ گئے۔ آن لائن کے مطابق قطر میں پھنسے 252 پاکستانی خصوصی پرواز سے کراچی پہنچ گئے۔ جناح ٹرمینل پر مسافروں کی سکریننگ اور طبی معائنہ کیا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق تمام مسافروں کو کم از کم 48 گھنٹے کیلئے قرنطینہ منتقل کیا جائے گا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق نجی ائر لائن کے پرواز دبئی سے 250 مسافروں کو لے کر پشاور پہنچ گئی۔ ائرپورٹ پر محکمہ صحت اور ایوی ایشن کی ٹیموں نے مسافروں کی سکریننگ کی۔ ائرپورٹ حکام کے مطابق کسی بھی مسافر میں کرونا کی علامات نہیں پائی گئیں۔ تمام مسافروں کو قرنطینہ بھیج دیا گیا جہاں 48 گھنٹوں میں ٹیسٹ کئے جائیں گے۔ دبئی سے ایک اور پرواز 142 مسافروں کو لے کر فیصل آباد ائرپورٹ پہنچی۔ پاکستان ائیرلائنز کی پرواز پی کے 8222 سپیشل پرواز کے طور پر آئی۔ تمام مسافروں کو سکریننگ کے بعد قرنطینہ اور ہوٹلز میں شفٹ کر دیا گیا۔ 42 مسافروں کو مختلف ہوٹلوں میں منتقل کیا گیا۔ دبئی سے فیصل آباد آنے والی پرواز میں ایک میت بھی پہنچی ہے۔

ای پیپر دی نیشن