عقیدہ ختم نبوت کیخلاف ہر سازش پر نظر‘ ناکام بنانے کیلئے قوم متحد: فضل الرحمن

May 11, 2020

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ اسلام اور عقیدہ ختم نبوت لا زم ملزوم ہیں، کسی بین الاقوامی ایجنڈے کے لئے پاکستان میں جگہ نہیں ہے۔ کسی کے معاملات میں ہم مداخلت نہیں کرتے ہیں اور نہ ہی کسی کو اپنے خصوصاً مذہبی معاملات میں مداخلت کا حق دیا جا سکتا ہے۔ کشمیر میں ظلم کی انتہا ہوچکی ہے۔ ریاض نائیکو کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ تحریک آزادی مزید آگے بڑھے گی اور کامیابی اس تحریک کی آخری منزل ہے۔ مرکزی میڈیا آفس کے مطابق وہ پارٹی راہنماؤں مولانا محمد امجد خان اور حافظ حسین احمد، مولانا فضل علی حقانی، محمد اسلم غوری، حاجی شمس الرحمن شمسی سے میڈیا آفس میں ٹیلی فونک گفتگو کر رہے تھے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پاکستان کا مقصد رہا ہے لیکن موجودہ دور حکومت میں یہ مسئلہ پھر پیچھے چلا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر میں بھارت کشمیریوں کو اقلیت میں بدلنے کے لئے بڑی تیزی کے ساتھ عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی آزادی کا دن دور نہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالتؐ کا قانون کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے اس کے خلاف ہر سازش پر نظر ہے اور ہر سازش کو ناکام بنانے کے لئے پوری قوم متفق اور متحد ہے۔ انہوں نے کہاکہ قوم اپنے عقائد پر کسی بین الاقوامی دباؤ کو قبول نہیں کرے گی۔ مولانا فضل الرحمن نے سیکورٹی فورسز پر حملوں کے واقعات کی شدید الفاط میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی اس کو پاکستان کے خلاف سازشوں کا حصہ سمجھتی ہے۔ پوری قوم یکجا ہے۔

مزیدخبریں