لاہور(نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ حکمران قوم میں جذبہ جہاد ختم کر نے کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں مگر ہم انکو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ بھارت کشمیر یوں اور بھارتی مسلمانوں کے ساتھ جو ظلم اور زیادتی کر رہا ہے اس کے خلاف عمران خان اور انکی حکومت صرف باتیں کر رہی ہے عملی طور پر کچھ نہیں ہورہا۔ بلوچستان سمیت پاکستان کے دیگر علاقوں میں ہونیوالی دہشتگردی میں بھی بھارت ملوث ہے اورکلبھوشن اس کا واضح ثبوت ہے۔ پوری قوم اس بات پر متفق ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور بھارت پاکستان کا دشمن ہے۔ان خیالات کا اظہار اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سر براہ علامہ زبیر احمد ظہیرنے اتوار کے روز اپنے دفتر میں پارٹی کے مختلف وفود سے گفتگو کے دوران کیا۔ سر براہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ جب سے یہ موجود ہ حکومت آئی ہے یہ بھارت کیخلاف کھل کر میدان میں آنے کی بجائے پاکستانی قوم کو ہی مر عوب کر نے اور انکی جرأت اور دلیری کو کمزور کر نے کی سازش کر رہے ہیں جسکی وجہ سے نر یندر مودی اور بھارتی حکومت کے حوصلے بڑ ھ رہے ہیں، وقت آچکا ہے کہ حکمران بھارت اور مودی کے خلاف فیصلہ کن اور دوٹوک مؤقف اختیار کر یں کیونکہ بھارت اور مودی کسی بھی صورت پیار کی زبان کو نہیں سمجھے گا اسکے خلاف کل نہیں آج ہی ایکشن لینا ہوگا، بھارت کو تاریخ ساز منہ توڑ جواب نہیں دیا جائیگا اس وقت تک خطے میں امن کے قیام کا خواب پورا نہیں ہوگا۔
حکمران جہاد ختم کر نے کے ایجنڈا پرمامور، کامیابی نہیں ملے گی: علامہ زبیر احمد ظہیر
May 11, 2020