وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈیموں کی تعمیر اور آبی تحفظ کو یقینی بنانے سے ملک کی توانائی اور زرعی ضروریات معقول شرح سے پوری کرنے میں مدد ملے گی۔وہ قومی آبی تحفظ کے لائحہ عمل اور ڈیموں کی تعمیر کے حوالے سے ایک بریفنگ کی صدارت کررہے تھے تاکہ ملک کی زرعی اور توانائی کی ضروریات پوری کی جاسکیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دیامیر بھاشاڈیم کی تعمیر سے تعمیراتی شعبے اور قومی معیشت کو بہت فائدہ ہوگا۔ انہوں نے دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر میں مقامی خام مال اور افرادی قوت استعمال کرنے کی ہدایت کی تاکہ روزگار کے بھر پور مواقع پیدا ہوسکیں۔
وزیراعظم نے اب تک کی پیش رفت پر اظہار اطمینان کیا اور ڈیم کا تعمیراتی کام فوراً شروع کرنے کی ہدایت کی ۔
اس سے پہلے وزیراعظم کو دیا میر بھاشا ڈیم کی تعمیر میں زیر التواء امور اور انکے حل کی پیش رفت کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا ۔
چیئرمین واپڈا نے اجلاس کو مہمند ڈیم کی تعمیر کے بارے میں بھی آگاہ کیا ۔ وزیراعظم کو داسو ڈیم منصوبے کی تعمیر میں تاخیر کی وجوہات سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے واپڈا اور آبی وسائل کی وزارت کی کارکرگردگی کو سراہا جو وہ آبی ذخائر کی تعمیر کے حوالے سے کر رہی ہے۔