لاہور (سٹاف رپورٹر) نیب لاہور کی جانب سے منی لانڈرنگ ریفرنس کے مرکزی ملزم شہباز شریف اور دیگر تمام شریک ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا سفارشی لیٹر منظر عام پر آگیا۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ لیٹر 28 اپریل 2021ء کو نیب لاہور کی جانب سے نیب ہیڈکوارٹرز کو ارسال کیا گیا۔ لیٹر میں معزز سپریم کورٹ میں لاہور ہائی کورٹ کی ای سی ایل میں ملزمان کے نام شامل نہ کرنے کی رولنگ کو چیلنج کرنے کی درخواست کی گئی۔ لیٹر میں کہا گیا کہ ملزم کیخلاف ٹھوس شواہد پر مبنی ریفرنس 20 اگست 2020ء کو احتساب عدالت لاہور کے روبرو دائر ہوا جس پر عدالتی کارروائی جاری ہے۔ نیب کی جانب سے معزز سپریم کورٹ سے استدعا کی جائے کہ ملزم شہباز شریف کی احتساب عدالت میں زیر سماعت ٹرائل میں موجودگی انتہائی ضروری ہے۔ منی لانڈرنگ ریفرنس کے مرکزی ملزم شہباز شریف و دیگر ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔ ملزم شہباز شریف کی لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت کے حالیہ تفصیلی فیصلہ کے بعد نیب کی جانب سے اگلے ممکنہ لائحہ عمل پر مشاورت بھی جاری ہے۔
شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈلوانے کیلئے نیب لاہور کا خط
May 11, 2021