سری نگر(کے پی آئی) بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے معاون سیکرٹری جنرل خواجہ فردوس نے بھارتی فوج کی طرف سے محاصروں اورتلاشی کی کارروائیوں میں اضافے کی مذمت کی ہے۔خواجہ فردوس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجی کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کررہے ہیں اور لوگوں کو گھنٹوں تک ایک دوسرے کے ساتھ رہنے پر مجبور کیا جارہا ہے جبکہ محاصرے میں لوگوں سے تفتیش کے دوران بھارتی فوجی ماسک استعمال نہیں کرتے ۔ جنوبی کشمیر میں ایک نوعمر لڑکا پر اسرار طور پر جاں بحق ہو گیا ہے جبکہ بھارتی فورسز نے سری نگر ائر پورٹ پر ایک خاتون کو گرفتار کر لیا ہے ۔کولگام میں ایک کم عمرلڑکے کی لاش گھر کے قریب ایک باغ میں لٹکتی ہوئی پائی گئی۔بڈگام میں سی آر پی ایف کاایک جوان دوران ڈیوٹی دل کا دورہ پڑنے سے فوت ہوگیاکانسٹیبل محیت کمارہمہامہ میں تعینات تھا۔ پولیس کے مطابق سری نگر ائر پورٹ پر ایک خاتون شبینہ اختر کو گرفتار کر لیا گیا اس سے ہتھیار برامد ہوئے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری لاک ڈاون سے شہر اور دیہات سنسان ہو گئے ہیں۔ اس دوران حکومت نے کرونا کرفیو میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کردی ہے ۔ نیز شادی کی تقریبات میں محض 20 لوگوں کو ہی جمع ہونے کی اجازت دی گئی ہے ۔محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پرایک ٹوئٹ میں کہا گیا: جموں و کشمیر کے سبھی 20 اضلاع میں نافذ کورونا کرفیو میں مزید سات دنوں کی توسیع کی گئی ہے ۔ یعنی اب یہ کرفیو 17 مئی کی صبح سات بجے تک نافذ العمل رہے گا۔ کرفیو سخت ہوگا ،لیکن لازمی اور ایمرجنسی خدمات مستثنیٰ ہوں گی۔ایک اور ٹویٹ میں کہا گیا۔ مزید یہ کہ شادیوں کی تقریبات میں آج یعنی 9 مئی سے صرف 25 لوگوں کو ہی جمع ہونے کی اجازت ہوگی۔دریں اثنا کرونا وائرس کی دوسری لہر کے متاثرین کی تعداد میں تیزی سے ہو رہے اضافے کے پیش نظر جہاں جموں و کشمیر میں جاری کرونا کرفیو ہر گزرتے دن کے ساتھ سخت سے سخت تر ہو رہا ہے وہیں لوگوں میں بھی تشویش و اضطرابی ماحول سنگین سے سنگین تر ہوتا جا رہا ہے ۔ کرونا وائرس سے مزید 54افراد جاں بحق ہوگئے ۔ اس طرح مرنے والوں کی تعداد 2726تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران مزید 5190افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔اس سے قبل 7مئی کو 5443مثبت کیسز سامنے آئے تھے۔ جموں و کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 16ہزار932ہوگئی ہے۔ جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے41ہزار447ٹیسٹ کئے گئے جن میں 5190افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں جن میں 1770 جموں جبکہ 3420کشمیر سے تعلق رکھنے ہیں ۔