وزیراعظم کو مانگنے کا وسیع تجربہ مگر چندوں پر ملک نہیں چلتے:غلام فرید

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)سابق ایم پی اے وسینئر رہنما پیر غلام فرید نے کہا ہے کہ عمران خان پوری دنیا میں کشکول اٹھائے گھوم رہے ہیں‘ کبھی قرض نہ لینے کا اعلان کرنیوالے عمران خان پوری دنیا میں کشکول اٹھائے گھوم رہے ہیں، وزیراعظم صاحب بیشک آپ کو چندے مانگنے کا وسیع تجربہ ہے مگر چندوں پر ملک نہیں چلتے۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے چیئرمینز‘ کونسلرز اور پارٹی عہدیداران وکارکنوں کے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر کیا‘اس موقع پر پیر عامر فرید ‘سرپرست اعلی یوتھ ونگ ڈسٹرکٹ گوجرانوالہ نے بھی کارکنان سے خطاب کیا۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کی حکومت کی انہی ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان میں عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے ،پونے دولاکھ روپے قرضے کے بوجھ تلے دبا ہر پاکستانی عمران خان کی نااہلی کی قیمت ادا کررہا ہے، قرضہ لے کر اگر یونہی کرپشن میں اڑایا جاتا رہے گا تو عام آدمی مہنگائی کی چکی میں اسی طرح پِستا رہے گا۔آخر میں انہوں نے کہاکہ غیر ملکی سرمایہ دار اور حکومتیں عمران خان کی نااہل حکومت کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری سے جھجک رہی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن