اسلام آباد (پ ر) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جھوٹ، فریب، دھوکہ دہی تاریخ کی بلند ترین سطح پہ ہے۔ تاریخی تبدیلی لانے والے تاریخی مہنگائی، مفلسی، غربت اور معاشی تباہی لا رہے ہیں۔ تاریخی مہنگائی عوام کی غربت اور بے روزگاری کی نئی تاریخ لکھ رہی ہے۔ مہنگائی میں تاریخی اضافہ ہونے پر بیان میں انہوں نے کہا کہ تاریخی مہنگائی بے روزگاری اور معاشی تباہی عمران صاحب کی تاریخی ناکامی، نالائقی اور کرپشن کی داستان ہے۔ انڈے، مرغی، بھینس، کٹے، بکری سے جس نے معیشت چلانی تھی، اس کے دور میں مرغی اور انڈے تاریخی مہنگے ہو گئے۔ تاریخی نالائقوں اور تاریخی نااہلوں نے ملکی معیشت، روزگار اور عوام کا تاریخی بھٹہ بٹھایا ہے۔ عمران صاحب کی حکومت تاریخ کی جھوٹی، کرپٹ ترین حکومت ثابت ہوئی۔ تاریخی میڈیا سنسرشپ، تاریخی فاشزم اور بدترین سیاسی انتقام لیا۔ آٹا، چینی، انڈے، تیل، گوشت مرغی اور دالوں کی قیمت تاریخی بلند ترین سطح پہ ہے اور تاریخی چور حکمران روپوش ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ گیس بجلی دوائی کی قیمت تاریخی بلند ترین سطح پہ ہے جبکہ بجلی، گیس، دوائی چور عوام کو لوٹ کر مفرور ہیں۔ دریں اثناء وزیراطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل میں انہوں نے کہاکہ اگر کتا کاٹ جائے تو اس کا کوئی علاج نہیں۔ حدیبیہ میں نئی تفتیش کے آغاز کا حکم دے کر عمران صاحب نے تسلیم کرلیا کہ شہبازشریف کے خلاف تمام نیب کیس جھوٹے تھے۔ عمران صاحب کی کمشن خور ’’غیرقانونی ٹیم‘‘ نے انہیں آٹا چینی، بجلی، گیس، ایل این جی، دوائی چوری پر کوئی بریفنگ دی؟۔ آٹا چینی بجلی گیس دوائی چوری پہ بریفنگ لیں جس کے مرکزی کردار عمران خان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’غیرقانونی ٹیم‘‘ کیوں نہیں بتارہی کہ حدیبیہ ریفرنس کو سپریم کورٹ قانونی طورپر ختم (کواش) کرچکی ہے۔