لاہور(وقائع نگار) پاکستان پوسٹ کی جانب سے عید کے تین روزتک گھروں میں دوائیاں اورمٹھائیاں پہنچانے کی سروس کا آغاز کردیا۔ اس سلسلے میں مٹھائی اور فارمیسی کے مختلف برانڈز سے معاہدہ کرلیا گیا ہے -ذرائع کے مطابق پاکستان پوسٹ کی جانب سے گذشتہ روز جی پی او آفس میں باقاعدہ طور پر ایک تقریب کا آغاز کیا اور تین پوسٹ مینوں کی ایک ٹیم کو اس سروس کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں واقع ایسی تمام فارمیسوں اور مٹھائی کی دکانوں میں سروس کی فراہمی کے لئے بھجوا دیا گیا ۔ اس حوالے سے پوسٹ ماسٹر جنرل شمالی پنجاب خواجہ عمران رضا نے بتایا کہ ابھی آزمائشی طور پر اس سروس کو شروع کیا گیا ہے اگر اس میں عوام کی جانب سے پذیرائی ملی تو اسکا دائرہ کا بڑھا کر پورے پنجاب میں پھیلا دیا جائے گا جس سے ایک تو عوام کی خدمت بھی ہو جائے گی اور محکمہ کو ریونیو بھی اکٹھا ہو گا۔ انہوں نے بتایا سروس فراہم کرنے والے پوسٹ مینوں کو اس کام کے لئے موٹرسائیکلیں بھی فراہم کی گئی ہیں اور تنخواہ کے علاوہ سپیشل عید الائونس بھی دیا جائے گا -