لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے قیدیوں کیلئے عیدالفطر کے موقع پر پنجاب کی جیلوں میں بند قیدیوں کی سزائوں میں 2 ماہ کی معافی کا اعلان کیا ہے۔ سزائوں میں دوماہ کی معافی سے سینکڑوں قیدیوںکی رہائی ممکن ہوسکے گی۔ سزائوں میں دو ماہ کی معافی سے سینکڑوں قیدی عیدالفطر اپنے گھروں میں اہل خانہ کے ساتھ مناسکیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ فرسودہ جیل مینول کو وقت کے نئے تقاضوں کے مطابق تبدیل کیا جائے گا۔ قیدی بھی انسان ہیں، انہیں بنیادی حقوق دینے کے لئے پرعزم ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ قابض اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصیٰ میں معصوم نمازیوں پر حملے کئے اور رمضان المبارک کے دوران ایسے حملے انسانی اقدار اور حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔ عالمی برادری کو اسرائیل کی جارحیت کا نوٹس لینا چاہیے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں ویڈیولنک اجلاس ہوا، جس میں آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے ترجیحات کا جائزہ لیا گیا۔ پنجاب حکومت کے میگا ترقیاتی منصوبوں کو پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کے حوالے سے تجاویزپر غورکیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ ترقیاتی پروگرام میں ہمارا فوکس سماجی شعبوں کی ترقی پر ہوگا۔ ترقیاتی منصوبوں میںعلاقائی ضروریات کو مد نظر رکھا جائے گا۔ منصوبوں کے حوالے سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے مشاورت کی گئی ہے۔ یکساں ترقی کے ویژن کے تحت ہر ضلع کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کیاہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اربوں روپے کے منصوبوں کو شروع کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کرنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کر کے فتح سمیٹی۔ انہوں نے ڈبل سنچری کرنے پر بیٹسمین عابد علی کو بھی مبارکباد دی۔ سردار عثمان بزدار نے تربت میں ایف سی اہلکاروں پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے شہید اہلکاروں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گرد قوم کے پختہ عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ قوم دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لئے یکجان ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انسداد کرونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ متعلقہ ادارے اور محکمے حکومتی گائیڈ لائنز پر ہر صورت عملدرآمد کرائیں۔ کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت آزمائش کی گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ گھر میں رہیں محفوظ رہیں۔