کوئٹہ میں گزشتہ روز دہشت گردوں کی فائرنگ سے تین ایف سی اہلکار شہید ہوگئے جن میں لانس نائیک سید ہوسی شاہ، سپاہی فیصل محمود اور نعمان الرحمن شامل ہیں۔ دریں اثناء لکی مروت میں پولیس موبائل پر شرپسندوں کے حملے میں ایک تھانیدار شہید جبکہ کانسٹیبل زخمی ہوگیا۔
پاکستان میں سکیورٹی اداروں کی بے مثال اور لازوال قربانیوں نے اگرچہ دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے تاہم ادھ موئے سانپ کی طرح کونے کھدرے میں چھپے یہ دہشت گرد موقع ملنے پر پاکستان کی سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں ۔ کوئٹہ اور شمالی علاقہ جات میں دہشت گرد ایسے ناپاک ، ناکام ، نامراد عزائم کا اعادہ کرتے رہتے ہیں اور ایسی وارداتوں میں بھارت جیسے ازلی دشمن کے ملوث ہونے کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ اس لئے وطن عزیز میں چھپے ایسے عناصر کا قلع قمع کرنا ضروری ہے اور سہولت کار عناصر کو بھی ڈھونڈ ڈھونڈ کر نشان عبرت بنادینا ہی وطن عزیز کی سالمیت کے استحکام کا تقاضا ہے۔ پاکستانی قوم اپنی عسکری قیادت، عسکری اداروں اور سرحدوں کے پہرے دار جانبا زوں کو سلام پیش کرتی ہے کہ جنہوں نے کوئی دقیقہ فروگزاشت کئے بغیر ہر قسم کی جانی و مالی قربانی دے کر وطن عزیز کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا اور انسانیت دشمن عناصر سے سرزمین وطن کو پاک کیا۔ لہٰذا ایسے واقعات کی مستقل روک تھام کیلئے ادھ موئے سانپ کا سر کچلنا انتہائی ضروری ہے۔