آئین توڑنے والوں پر آرٹیکل 6لگنا چا ہئے: بلاول 

May 11, 2022


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) وفاقی کابینہ اجلاس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں پانی کی قلت کا معاملہ اٹھا دیا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت کی وجہ سے عوام بالخصوص کاشتکار مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ پانی کی قلت کی ایک بڑی وجہ ارسا کی جانب سے صوبوں کو پانی کے جائز حصے کی فراہمی میں خلل ہے۔ ملک میں ایک فوڈ سکیورٹی ٹاسک فورس بنائی جائے تاکہ ہم ممکنہ غذائی بحران کا مقابلہ کر سکیں۔ دریں اثناء چیئرمین پیپلز پارٹی بھٹو زرداری کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال‘ پنجاب میں حکومت سازی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں پی پی کے وفاقی وزرائ‘ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں پاکستان میں چین کی ناظم الامور نے دفتر خارجہ میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔ چین کی ناظم الامور نے وزیر خارجہ کا منصب سنبھالنے پر بلاول بھٹو زرداری کو مبارکباد دی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طریقہ تعلقات‘ خطے اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ خطے میں تجارتی عمل کو فروغ دے گا۔ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات میں اضافہ چاہتا ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے بھی دفتر خارجہ میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔ برطانوی ہائی کمشنر نے وزیر خارجہ کا منصب سنبھالنے پر بلاول بھٹو زرداری کو مبارکباد دی۔اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی آئین توڑتا ہے اس کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ ہونا چاہیے۔ 3 سے 10 اپریل اور اس کے بعد پی ٹی آئی کے ارکان نے جو کچھ بھی کیا اور وہ آئین کو پامال کرنے کے مترادف ہے۔ یہ ہمارا مئوقف ہے اور ہم اسے ہلکے سے نہیں لے سکتے۔ ہمیں اپنے آئین پر فخر ہے۔ چیئرمین بلاول نے کہا کہ ان کا اس وقت دورہ امریکا کا کوئی حتمی منصوبہ نہیں ہے۔ سی پیک کے تحت ملک میں پاور پراجیکٹس کا سلسلہ تھا لیکن عمران خان کی نااہل حکومت نے ہمارے پاور پراجیکٹس کو تباہ کر دیا۔ عمران خان کا سازش پر مئوقف غلط ہے کیونکہ انہیں جمہوری سازش کے ذریعے ہٹایا گیا۔ انہیں آئینی طریقے سے ہٹایا گیا۔ انہیں امریکہ نے نہیں بلاول ہاؤس نے ہٹایا۔ اب عمران خان ریاستی اداروں پر حملے کر کے پاکستانی جمہوریت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ عمران کو پارلیمنٹ میں واپس آکر اپوزیشن لیڈر کے طور پر کام کرنا چاہیے۔

مزیدخبریں