نواز شریف نے وزیر اعظم سمیت سینئر لیگی قیادت کو لندن بلا لیا

May 11, 2022


اسلام آباد (خبر نگار خصوصی +نیٹ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ رات لندن چلے گئے جہاں وہ سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔ نواز شریف نے سینیئر قیادت کو لندن طلب کر لیا ہے۔ پارٹی اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔ رانا ثناء اللہ آج رات برطانوی ائیر لائن سے لندن روانہ ہوں گے جبکہ احسن اقبال، مریم اورنگزیب، سعد رفیق، خواجہ آصف، ایاز صادق، ملک احمد خان، عطاء اللہ تارڑ اور خرم دستگیر بھی لندن جائیں گے۔ شاہد خاقان عباسی پہلے ہی لندن میں موجود ہیں۔ تمام پارٹی رہنما  برطانوی ایئر لائن کی فلائٹ نمبر 2260 سے بدھ رات 12-40 پر لندن کے لیے روانہ ہوں گے۔ تمام پارٹی رہنما لندن میں اجلاس میں شرکت کے بعد جمعہ کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2بجے واپس وطن کے لیے روانہ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے ویڈیو لنک اجلاس کی تجویز مسترد کردی اور پارٹی کی مرکزی قیادت کو لندن پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف کو بعض معاملات پر تحفظات ہیں اس لیے (ن) لیگ کوئی بڑا فیصلہ کرنے جارہی ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر لائحہ عمل سے متعلق بھی نوازشریف اور اسحاق ڈار سے مشاورت ہوگی جب کہ آئندہ الیکشن، پنجاب میں کابینہ اور پاور شیئرنگ سے متعلق بھی اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ لندن میں کوئی بڑا اجلاس نہیں خیرسگالی ملاقات کیلئے جا رہے ہیں۔ لندن کا دورہ سیاسی نہیں جب سے حلف اٹھایا ہے ہم سوچ رہے تھے اپنے قائد سے ملاقات کریں۔ 8 سے 10 لوگ نجی دورے پر لندن جا رہے ہیں۔ ہمارے قائد لندن میں ہیں‘ ملاقات کرنے جا رہے ہیں۔ مستقبل میں کیا حکمت عملی اپنانی ہے اس پر بات کریں گے۔ خاص ایجنڈا لیکر لندن نہیں جا رہے۔ ہم اپنے قائد سے مشاورت کریں گے‘ ان سے ہدایات لیں گے۔ صحافی نے سوال کیا کہ موجودہ حالات میں یہ ملاقات غیرمعمولی ہو سکتی ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ کوئی غیر معمولی ملاقات نہیں۔ میں ورکر ہوں کیا غیرمعمولی بات کروں گا۔ خواجہ آصف سے سوال کیا گیا کہ سنا ہے عمران خان کو چھوٹ ملنے پر نواز شریف کو تحفظات ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کو چھوٹ ملنی چاہئے اس نے جو کرنا ہے کرے۔اسلام آباد سے خبر نگار خصوصی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر برطانیہ جائیں گے جہاں سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیرقیادت مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کا اہم مشاورتی اجلاس ہو گا جس میں آئندہ عام انتخابات، پنجاب میں کابینہ کی تشکیل کے علاوہ مہنگائی اور معاشی صورتحال پر اہم فیصلے کئے جائیں گے۔نواز شریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ عمران خان سے آئندہ الیکشن میں مکمل جان چھوٹ جائے گی۔ شہباز شریف آج لندن پہنچیں گے ان کے ساتھ اہم امور پر بات چیت ہو گی۔ سابقہ حکومت سر سے پاؤں تک بحران پیدا کر کے گئی ہے۔ عمران خان کی حکومت نے سیاسی‘ معاشی‘ اقتصادی‘ آئینی اور معاشرتی بحران پیدا کر دیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے ہمارا قومی کلچر ہی بگاڑ دیا۔ پاکستان میں 70 سال میں پہلی بار ایسا کلچر دیکھ رہے ہیں۔ عمران خان نے وہ تباہی مچائی ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔ شکر ادا کرو کہ عمران خان سے جان چھوٹی ہے۔

مزیدخبریں