حکومت غیر ضروری درآمدات پرفوری پابندی عائدکرے:شعیب بٹ

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی)گوجرانوالہ چیمبر  کے صدر محمد شعیب بٹ نے حکومت کو تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر غیر ضروری درآمدات پر پابندی عائد کی جائے اور آئندہ سال کے وفاقی اور صوبائی بجٹ میں ایسے اقدامات اٹھائے جائیں جن سے درآمدی مصنوعات کی حوصلہ شکنی ہو تاکہ مقامی انڈسٹری کو استحکام مل سکے اور لوگوں کو مقامی طور پر تیار کی جانے والی مصنوعات کے استعمال کی جانب راغب کیا جائے کیونکہ اس وقت بہت سے ایسی اشیاء درآمد ہو رہی ہیں جو ہمارے ملک میں تیار ہو رہی ہیں لیکن ان کو ترجیح نہیں دی جا تی ۔ ملک کی ایس ایم ایز کو برآمدی انڈسٹری بنایا جائے ۔ملکی معیشت کو سنبھالا دینے کیلئے ایکسپورٹ پر توجہ دینا بے حد ضروری ہے۔علاوہ ازیں واپڈاٹائون گوجرانوالہ کے تجارتی وفد نے صدر چیمبر محمد شعیب بٹ سے ملاقات کی وفد نے بتایا کہ واپڈاٹائون کے کنزیومر کو بجلی کا ٹیرف انتہائی مہنگا پڑ رہا ہے لہٰذا گیپکو حکام سے اس معاملہ پر نظر ثانی کروائی جائے ۔صدر چیمبر محمد شعیب بٹ نے واپڈاٹائون کے وفد کی قیادت کرتے ہوئے گیپکو چیف محمد ایوب سے ملاقات کی اور واپڈا ٹائون کے کنزیومرز کو بجلی کے ٹیرف پیش آنیوالی مشکلات سے تفصیلی آگاہ کیا گیپکو چیف نے کہا کہ معاملہ کو  اپنی سطح پر دیکھتے ہوئے نظر ثانی کر کے واپڈاٹائون کے کنزیومر کو ریلیف دیا جائے گا جبکہ وفد میں سابق صدور چیمبر اخلاق احمد بٹ ،سعید احمد تاج ،رکن مجلس عاملہ شیخ فیصل ، رکن چیمبر میاں احسان ، مستنصر ساہی،سابق رکن مجلس عاملہ میاں ثاقب غفورشامل تھے۔

ای پیپر دی نیشن