عمران نیازی شوق پورا کر لیں سندھ کی عوام گھاس نہیں ڈالے گی


کراچی (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے عمران نیازی کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ پاکستان کا خودمختار صوبہ ہے ، سندھ کے لوگ سیاسی طور پر باشعور ہیں۔ فیصلے کرنا جانتے ہیں اور عمران نیازی جیسے مکار، جھوٹے اور گھرے ہوئے شخص کے جھانسے میں کبھی نہیں آئیں گے۔ اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ 2018 کے عام انتخابات میں سندھ کے عوام نے نیازی کے امیدواروں کو دن میں تارے دکھا دیئے تھے۔ عمران نیازی شوق پورا کر لیں ، سندھ کی عوام آپ کو گھاس بھی نہیں ڈالے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی سیاسی بصیرت اور فیصلوں کو ان کے سخت ترین مخالفین بھی مانتے ہیں۔ انہوں نے 11 سال جیل کی سختیاں اور گذشتہ تین دہائیوں سے جھوٹے مقدمات کا بہادری سے مقابلہ کیا ہے۔صدر آصف علی زرداری پر کبھی کوئی الزام ثابت نہیں ہوا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران نیازی تمہیں اپنے کرتوتوں کا جواب دینا ہوگا۔ سیاسی مخالفین پر الزامات لگاکر آپ بچ نہیں سکتے۔ آٹا، چینی ادویات، مالم جبہ ، بی آر ٹی ، تیل شارٹیج اسکینڈلز کا جواب دیں۔  اپنے گھر سے شروع ہونے والے گھپلوں کا جواب دیں، فرح خان کو بیرون ملک کیوں بھگایا ؟صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران نیازی کی شخصیت تضادات کا مجموعہ ہے جس کا مظاہرہ وہ اپنے عمل اور شر انگیز بیانات سے کرتے ہیں ۔عمران نیازی کا کوئی نظریہ نہیں ،قوم ایسی متضاد شخصیت سے بچے جو ملک کو شر کی طرف دھکیلنے کی ضد پر اڑے ہوئے ہیں ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور اس کے ریاستی ادارے اس شخص کے نزدیک کوئی وقعت نہیں رکھتے ۔ عمران نیازی خود کو پاکستان ،آئین اور قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں ۔ صوبائی وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ پاکستان کو عمران نیازی کی ضد ، انا اور ہٹ دھرمی کی بھینٹ چڑھنے نہیں دیں گے ۔ قومی قیادت اور پاکستان کی عوام عمران نیازی کے ملک دشمن پروپیگنڈا کا بھرپور جواب دے گی ۔ اقتدار سے محرومی نے اس شخص کو حواس باختہ کردیا ہے اور اپنے ہر محسن کو کاٹنے کو دوڑتا ہے ۔  

ای پیپر دی نیشن