قصور (نمائندہ نوائے وقت) ڈپٹی کمشنر قصور فیاض احمد موہل نے کہا ہے کہ عوام کو اشیائے خورونوش کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کو سو فیصد یقینی بنایا جائیگا‘ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ضلعی افسران اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس میں ہدایات دیتے ہوئے کی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ کے دوران ضلع کے 48 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 4394 انسپیکشنز کی جن میں سے 1122 دکانوں پر ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی پائی گئی جس پر کارروائی کرتے 5 لاکھ 51 ہزار 200 روپے جرمانہ عائد کیا گیااور 11دکانداروں کیخلاف مقدمات درج کرائے گئے اور 3افراد کو حوالات میں بند کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر کے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اشیائے ضروریہ کی دکانوں کا دورہ کریں اور ضلعی حکومت کے مقرر کردہ ریٹس پر تمام اشیاء کی فراہمی یقینی بنائیں۔
ناجائز منافع خوروںکیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے: فیاض احمد موہل
May 11, 2022