کراچی(کامرس رپورٹر)سال 2020 میں اپنے آغاز سے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) گروتھ انٹرپرائز مارکیٹ (GEM) بورڈ بتدریج اپنی جانب توجہ مبذول کروانے میں کامیاب رہا ہے اور اب فخر یہ طور پر اسٹاک ایکسچینج میں تیسرے گروتھ انٹرپرائز سْپرنیٹ لمیٹڈ (SL) کی فہرست سازی کررہا ہے۔ جی ای ایم بورڈ ایک فہرست سازی کا پلیٹ فارم ہے جوگروتھ انٹرپرائز کو، چاہے وہ چھوٹے، درمیانے یا گرین فیلڈ کاروبار ہوں، سہولت فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے تاکہ ان کی سرمایہ حاصل کرنے کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔ پی ایس ایکس کے جی ای ایم بورڈ میں سْپر نیٹ کی فہرست سازی کے اعلان کے سلسلے میں ایک گونگ تقریب منعقد کی گئی۔تقریب میں سی او او پی ایس ایکس،نادر رحمان، ایڈوائزرسْپر نیٹ لمیٹڈ، شمس عارفین؛ سی ای اوسْپر نیٹ لمیٹڈ، جمال ناصر خان؛ سی ای او ٹاپ لائن سیکیورٹیز، محمد سہیل سمیت شریک ہونے والی تنظیموں کی سینئر انتظامیہ نے شرکت کی۔ 1995 میں سْپر نیٹ کی بنیاد ڈیٹا نیٹ ورک آپریٹر اور انٹرنیٹ سروس پرووائیڈر کے طور پر رکھی گئی تھی۔ سْپرنیٹ ملک بھر میں ICTمسائل کا حل پیش کرنے والی ایک سرکردہ کمپنی ہے۔ یہ کنیکٹیویٹی سلوشنز کا ایک بڑا فراہم کنندہ ہے اور پچھلے کچھ سالوں میں اس نے آئی ٹی سلوشنز، سائبرسیکیورٹی سلوشنز اور سروسز، انفرااسٹرکچر سلوشنز اور سروسز، اور کال سینٹر سروسز سویٹ اور بزنس پروسیس آٹومیشن کی فراہمی میں توسیع کی ہے۔ سْپر نیٹ، ٹیلی کارڈ لمیٹڈ کا ذیلی ادارہ ہے، جو پاکستان میں ٹیلی کمیونیکیشن سروس فراہم کرنے والا ایک معروف ادارہ ہے، اور یہ پی ایس ایکس کے مین بورڈ میں بھی درج ہے۔سْپر نیٹ نے فکسڈ اثاثوں کی خریداری کے لیے فنڈ حاصل کرنے، اپنی ذیلی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرنے اور ورکنگ کیپٹل بڑھانے کے لیے نئے کیپٹل کا اِجرا کیا ہے۔ مزید یہ کہ پیرنٹ کمپنی ٹیلی کارڈ نے بھی ورکنگ کیپٹل کے لیے حصص فروخت کیے ہیں۔ سرمایہ 100فیصد بْک بلڈنگ کے طریقہ کار کے تحت اکٹھا کیا گیا۔ اِیشو کا سائز کْل 21,111,121 عام شیئرز پر مشتمل تھا۔ کْل اِیشو میں سے 8,888,889 شیئرز ٹیلی کارڈ لمیٹڈ کی طرف سے آفر فار سیل کے طور پر پیش کیے گئے جبکہ 12,222,232 شیئرز فریش ایکویٹی کے طور پر پیش کیے گئے۔ پورے اِیشو کو22.50 روپے فی شیئر کی فلور پرائس پر پیش کیا گیا تھا۔سْپر نیٹ نے اس طرح فلور پرائس کے ذریعے 475,000,220روپے حاصل کرنے کا تخمینہ لگایا تھا، جس میں سے 200,000,000روپے ٹیلی کارڈ کے ذریعے آفر فار سیل کے طور پر جبکہ 275,000,220روپے فریش ایکویٹی کے طور پر جمع کیے جانے تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے، پی ایس ایکس کے سی او او، جناب نادر رحمان کا کہنا تھا کہ ’’پی ایس ایکس پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے GEM بورڈ میں تیسری ایکویٹی لسٹنگ کے طور پر سْپر نیٹ لمیٹڈکا خیرمقدم کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہا ہے۔ ملک کے آئی سی ٹی سیکٹر میں ایک سرکردہ کمپنی کے طور پر، سْپر نیٹ نے بنیادی انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے سے لے کر آئی ٹی، سائبرسیکیورٹی، اور انفرا اسٹرکچر کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ کال سینٹر سروسز سویٹ اور بزنس پروسیس آٹومیشن تک ترقی کے مدارج طے کیے ہیں۔‘‘مزید ان کا کہنا تھا کہ، ’’سْپر نیٹ جیسی کمپنی جو کہ پاکستان کی ڈیفنس سروسز کے ساتھ ساتھ مختلف سرکاری، وفاقی یا صوبائی محکموں کے لیے کمیونیکیشن/آئی ٹی کے انفرا اسٹرکچرکے سلسلے میں حل فراہم کرتی ہے، یہ کیپٹل مارکیٹ کے لیے فخر کی بات ہے کہ پی ایس ایکس کے جی ای ایم بورڈ میں سپر نیٹ کی بْک بلڈنگ اور لسٹنگ عمل میں آئی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پی ایس ایکس کا جی ای ایم بورڈ درحقیقت ایس ایم ایز اورگروتھ انٹرپرائز ز کے لیے سرمایہ اکٹھا کرنے کے لیے ایک کفایتی اور مناسب پلیٹ فارم ہے۔ یہ لسٹنگ دیگر کے ساتھ مل کر کیپٹل مارکیٹ کی وسعت میں اضافے کا سبب بنے گی اور ہمارے ملک کی معیشت کو آگے بڑھائے گی۔ جی ای ایم بورڈ ایک جدت پر مبنی اور ترقی پسند پلیٹ فارم ہے جوگروتھ انٹرپرائز ز اور ایس ایم ایز کو سہولت مہیا کرتا ہے جس کے تحت بدلتے ہوئے معاشی اور ریگولیٹری منظر نامے کے مطابق اور گروتھ انٹرپرائز ز کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جی ای ایم بورڈ میں نئے اور ارتقائی (evolving)حل پیش کیے جاتے ہیں۔‘‘پی ایس ایکس کے جی ای ایم بورڈ میں سْپر نیٹ لمیٹڈ کی کامیاب فہرست سازی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے، سْپر نیٹ لمیٹڈکے سی ای او جمال ناصر کا کہنا تھا کہ، ’’میں پی ایس ایکس کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انھوں نے سْپر نیٹ لمیٹڈ کی فہرست سازی کا جشن منانے کے لیے ہمیں گونگ تقریب میں شرکت کے لیے مدعو کیا۔ سْپرنیٹ،پی ایس ایکس کی گروتھ انٹرپرائز مارکیٹ (GEM) میں درج ہونے والی پہلی آئی ٹی کمپنی ہے۔ ہم ادارہ جاتی اور انفرادی سرمایہ کاروں کابھی شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جنھوں نے کمپنی میں دلچسپی لی اور اعتماد کا اظہار کیا جس کے نتیجے میں اِیشو کی اوور سبسکرپشن 1.4 گنا ہو گئی۔‘‘انھوں نے مزید کہا کہ،’’ہم ICT کے شعبے میں زبردست مانگ اور ترقی دیکھ رہے ہیں۔ ہم نے اپنے آپ کو اپنے صارفین کی تمام ICT ضروریات کے لیے ایک ون اسٹاپ شاپ کے طور پر متعارف کرایا ہے اور ترقی کی جانب گامزن ایکو سسٹم کا حصہ بننے کے لیے پرجوش ہیں۔‘‘ٹاپ لائن سیکیورٹیز لمیٹڈ کے سی ای او، محمد سہیل نے کہا کہ،’’جی ای ایم بورڈ میں سْپر نیٹ کی فہرست سازی کے ساتھ، ہمیں جی ای ایم بورڈ میں پہلی خالص ٹیک لسٹنگ لانے کا اعزاز بھی حاصل ہو گیا ہے۔اس سے دوسری ٹیک کمپنیوں کے لیے بھی راہ ہموارہو گی اور مارکیٹ کو ترقی ملے گی۔ سپر نیٹ اس لحاظ سے منفرد ہے کہ یہ سائبر سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ کنیکٹیویٹی پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔ کمپنی نے نمایاں ترقی حاصل کی ہے اور امید ہے کہ بڑھتے ہوئے کیپٹل کے ہمراہ، یہ بہت جلد اپنی خواہشات کے مطابق ترقی کا ہدف حاصل کرنے کے قابل ہو جائے گی۔‘‘