لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی صدر جمعیت علمائے پاکستان( سواد اعظم) کے مرکزی صدر پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے کہا کہ نظام خلافت راشدہ نظام مصطفی کے خدوخال کی بہترین مثال ہے۔ عوام کے مسائل کے حل کیلئے حکمران خلفائے راشدین کی پیروی کریں، تاکہ قرآنی عدل پر مبنی معاشرہ قائم کیا جا سکے۔ مگر افسوس ملک میں غیر اسلامی نظام آزمائے جاتے رہے ہیں۔ اسلامی نظام کو موقع نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران خود خلافت راشدہ کی اسلامی اقدار کو اختیار کرکے نظام مصطفی نافذ کریں تو یہ ان کے اور عوام کیلئے بہتر ہوگا۔ تمام نظام آزمائے جا چکے ہیں ، اسلامی نظام کو نافذ کرکے نظام مصطفی کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جائے۔ اسلامی نظام قرآن کا نظام ہے ، اللہ کے نظام میں کسی قسم کی کوئی خامی نہیں ہے۔ جے یو پی کے اجلاس سے خطاب میں پیر محفوظ مشہدی نے وفاقی شرعی عدالت کی طرف سے سودی نظام کے خاتمے کا فیصلہ خوش آئند قراردیا اور مطالبہ کیا کہ فی الفور عدالتی فیصلے کو نافذ کیا جائے۔