اسلام آباد (نا مہ نگار)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں سینٹر آف ایکسیلنس فار سیرت النبیؐ کے بورڈ آف مینجمنٹ کا پہلا اجلاس گذشتہ روز پروفیسر ڈاکٹر صاحبزادہ ساجد الرحمن کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس کے دیگر ممبران میں اسلامی نظریاتی کونسل کے چئیرمین، پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایاز، پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے ہیڈ/سینئر ایڈوائزر، محمد رفیق طاہر، اقبال چئیر کے ہیڈ، پروفیسر فتح محمد ملک،دعو سینٹر، کراچی کے پروفیسر ڈاکٹر عزیز الرحمن، کلیہ عربی و علو م اسلامیہ کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر محی الدین ہاشمی، شعبہ سیرت سٹڈیز کے چئیرمین، پروفیسر ڈاکٹر شاہ معین الدین ہاشمی، انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشنل ٹیکنالوجی کی ڈائریکٹر، ڈاکٹر ثمینہ اعوان،لاہور سے ڈاکٹر سعید اللہ شامل تھے۔موٹھنگم(برطانیہ)سے پیر زادہ بختیار احمد نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔اس اجلاس میں قومی سیرت کانفرنس کے انعقاد کے لئے 11مختلف عنوانات کا انتخاب کیا گیا۔اجلاس کے ایجنڈا میں سینٹر برائے ایکسیلنس فار سیرت النبیؐ کے لئے تحقیقی موضوعات/عنوانات کا تعین، سیرت النبیؓ پر مطبوعہ اور غیر مطبوعہ تحقیقی کام کا جائزہ۔ اشاعت سے متعلق مشاورت، مرکز فضیلت برائے مطالعات کے زیر اہتمام قومی سیرت کانفرنس کے لئے مرکزی موضوع/تاریخ کا تعین اور یونیورسٹی کے علاقائی مراکز میں سیرت کے حوالے سے تربیتی ورکشاپ کے لئے عنوانات کا تعین شامل تھا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر صاحبزادہ ساجد الرحمن نے کہا کہ تمام اسباب و وسائل کے باوجود آج لوگوں کو سکون و طمانیت حاصل نہیں، ہر طرف ظلم و ستم کی گرم بازاری ہے، آئے دن فسادات اور قتل و غارت گری ہورہی ہے، نئے نئے فتنے جنم لے رہے ہیں، فتنوں کا نہ تھمنے والا سیلاب امڈتا چلا آرہا ہے، جس طرف دیکھے اختلاف ہی اختلاف ہے، معاشرتی نظام ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے عالمی منظر میں مسلمانوں کو سیرت طیبہ سے رہنمائی لینے کی ضرورت ہے۔پروفیسر ڈاکٹر صاحبزادہ ساجد الرحمن نے کہا کہ اِن ایکسیلنس سینٹرزکو سہولت فراہم کرنے کے لئے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ بھی قائم کیا گیا ہے جس کے ہیڈ محمد رفیق طاہر اِن مراکز کی کامیابی کے لئے دن رات کوشش اور بھرپور محنت کررہے ہیں۔قبلہ ایاز نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضورپاکؐ کی تعلیمات کے فروغ کے لئے ایکسیلنس سینٹر کا قیام علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا ایک بڑا کارنامہ ہے اور پروفیسر ڈاکٹر صاحبزادہ ساجد الرحمن جیسے مفکر اسلام کو اس سینٹر کا سربراہ مقرر کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا یہ سینٹر حضور پاکؐ کی تعلیمات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیا القیوم نے ایگزیکٹو بورڈکے اراکین کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اِن ایکسیلنس مراکز کے قیام کا بنیادی مقصد یونیورسٹی کو علم و تحقیق کا مرکز بنانا ہے۔