راولپنڈی(محبوب صابر سے)کنٹونمنٹ بورڈ چکلالہ کے رہائشی علاقوںمیں بھینسوں کے باڑوں نے مکینوں کیلئے مشکلات بڑھا دیں ، بد بو سے سانس لینا مشکل ہو گیا،حکام کی چشم پوشی کے باعث گنجان آباد علاقوں میں درجنوں بھینسوں کے باڑے قائم ہو گئے، موسم گرما کے آغاز کے باوجود رہائشی علاقوں میں گلی ، محلوں میں جینا محال ہو چکا ہے تعفن و گندگی کی ابتر صورتحال ہے،محکمہ صحت راولپنڈی کی جانب سے قبل ازیں گندگی اور مچھروں کی افزائش نسل کے باعث چٹھی بھی لکھی گئی لیکن بھینسوں کے باڑے میں صفائی کے انتظامات نہیں کئے گئے، گند اور گوبر پھینکنے سے نالے بھی بند ہو گئے،بارش کا پانی نالوں کے اردگر بنے گھروں اور سڑکوں گلیوں میں پھیل جا تا ہے جہاں پر پیدل بھی نہیں گزرا جا سکتا، رپورٹ کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈ کا عملہ بھی خاموش ہے مختلف علاقوں لالہ زار، ٹاہلی موہری ، کامران کالونی، غوثیہ چوک، ڈھیری حسن آباد، ڈھوک جمعہ، خواجہ کا ر پوریشن، گلشن شافی، ریاض آبادسمیت دیگر جگہوں پر باڑے قائم ہیں جہاں پردرجنوں بھینسیں اور گائیں ، بچھڑے موجود ہیں جبکہ کئی باڑوں میں تو بکریاں اور بھیڑیں بھی ہیں، جن کا گوبر اور گند گوالے قرین نالے میں پھینک دیتے ہیں ، ہر جگہ گندی بد بو پھیل جاتی ہے اور مکینوں کا سانس لینا بھی دشوار ہو چکا ہے ، مچھروں کی افزائش نسل بھی ہورہی ہے جس کے حوالے سے محکمہ صحت نے خصوصی سپرے مہم انہی علاقوں میں چلانے کی ہدایات کیلیکن اس پر بھی توجہ نہیں دی گئی، مکینوں نے کینٹ بورڈ چکلالہ حکام سے اپیل کہ وہ اس طرف توجہ دیں اور مشکلات کا کوئی ٹھوس حل نکالا جائے۔