مشاورت کے ساتھ پولٹری کے نرخ مقرر کئے جائیں، کمشنر راولپنڈی 


راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)کمشنر راولپنڈی نورالامین مینگل سے کریانہ اور پولٹری ایسوسی ایشن راولپنڈی کے وفود نے ملاقات کی جن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون سے عوام کو ریلیف پہنچایا جائے اور اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ ایسوسی ایشن کے ساتھ ملکر اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ مشاورت کے ساتھ پولٹری کے نرخ مقرر کئے جائیں اور پھر ان پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن سیف انور جپہ، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طاہر فاروق، کریانہ اور پولٹری ایسوسی ایشن کے عہدیداران شاہد غفور پراچہ،پرویز سلیم بٹ ، ملک ظہور اور شیخ عارف نے شرکت کی کمشنر نورالامین مینگل نے کہا کہ تمام پولٹری شاپس پر ریٹ لسٹ نمایاں طور آویزاں کی جائے اور مقررہ نرخوں پر عملدرآمد کیلئے تمام پرائس مجسٹریٹ فعال کردار ادا کریں ہر پرائس مجسٹریٹ اپنا سرکاری کارڈ نمایاں طور پر گلے میں لٹکائے اور جرمانے پر سرکاری مہر ثبت کی جائے اگر پرائس مجسٹریٹ اپنا سرکاری کارڈ مہیا نہ کر سکے تو اسکی فوری اطلاع ڈی سی آفس میں دی جائے۔اجلاس میں کریانہ شاپس مالکان اور پولٹری ایسوسی ایشن کے مسائل اور تجاویز پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا وفود نے کمشنر راولپنڈی اور ضلعی انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ای پیپر دی نیشن