اسلام آباد (نامہ نگار‘ خبر نگار خصوصی) ملک میں کرونا کے باعث 103 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اومیکرون کی ذیلی قسم کے پھیلائوکو روکنے کیلئے مانیٹرنگ کی جارہی ہے، اومیکرون کی اس ذیلی قسم سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، احتیاط کریں۔ حکام نے مزید بتایا ہے کہ پاکستان میں ویکسین کی اہل 83 فیصد آبادی کی انسداد کرونا ویکیسن مکمل ہوچکی ہے، شہری بوسٹر ویکسین بھی لگوائیں۔ گزشتہ 24گھنٹوں میں ملک میں 31 کیس رپورٹ ہوئے۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اومیکرون وائرس کی نئی ساخت کے بڑھتے ہوئے کیسز کا نوٹس لیتے ہوئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کو فوری طور پر بحال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے وزارت قومی صحت سے موجودہ صورت حال کے حوالے سے رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شکیب الحسن کرونا وائرس کا شکار ہو گئے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے آل راؤنڈر شکیب الحسن کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کی تصدیق کر دی ہے۔
کرونا