لا ہور ( کامرس رپورٹر ) آل پاکستان انجمن تاجران کے سیکرٹری جنرل نعیم میر نے افواج پاکستان کیساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری پاک فوج میں نفاق پیدا کرنے کی ہر سازش ناکام بنادے گی ۔ نعیم میر نے عمران خان کو آڑ ے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ امریکی مداخلت کا جعلی بیانیہ پونے چار سالہ نااہلی اور کرپشن چھپا نہیں سکتا۔نعیم میر نے واضح اعلان کیا کہ بزنس کمیونٹی کا بیانیہ ’’پاکستان چلنے دو ‘‘ہے، عمران خان کی غلط معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں آج پاکستان عالمی سطح پر مجبور ترہوچکا ۔
، نعیم میر نے سابقہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اگر ڈالر بے قابو نہ کیا ہوتا تو آج پٹرول اور گندم بھی سستے داموں باآسانی دستیاب ہوتی۔ نعیم میر نے عمران خان سے سوال کیا کہ دس ماہ کا تجارتی خسارہ 39 ارب ڈالر کس نے پہنچایا ہے۔ نعیم میر نے اعلان کیا کہ ملک بھر کے تاجروں کیساتھ ملکر ‘‘پاکستان چلنے دو ‘‘ کانفرنس کے انعقاد پر مشاورت شروع کردی ہے۔