لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ایف بی آرٹیکس نیٹ اور آمدن میں اضافہ کیلئے پنجاب ریو نیو اتھارٹی کی پیروی کرے اور اس کیلئے موجودہ قانون میں ضروری ترامیم کی جائیں۔ٹیکس وصولی کیلئے تنخواہ دار طبقے کیلئے آمدن 6سے بڑھا کر12جبکہ تاجروں کیلئے 4سے بڑھا کر 8لاکھ کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے صدر رانامنیر حسین اورسیکرٹری جنرل قمرالزمان چودھری نے اپنے دفتر میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر طاہر محمود بٹ،عامر شہزاد،رانا کاشف ولایت ،میاں شکیل اے خان و دیگر موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ پی آر اے نے کرونا وباء کے باوجود ہدف سے زیادہ ریونیو اکٹھا کیا جو ٹیکس ریٹس 16کے بجائے 5فیصد کرنے سے ممکن ہوا۔پی آر اے کی جانب سے قابل ٹیکس آمدن طبقے کی بھرپور رہنمائی کی جاتی ہے۔ اگر صوبائی حکومت کا محکمہ بنک اٹیچمنٹ اور خوف و ہراس کے بغیر ہدف سے زیادہ ٹیکس آمدن حاصل کر سکتا ہے تو وفاق کے محکمہ کو بھی اس کی پیروی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر ٹیکسیشن معاملات کے حوالے سے بارز کے عہدیداروں اور ممبران کی معاونت حاصل کرے ، ہم خوش آمدید کہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے ہر بار 30لاکھ ٹیکس دہندگان پر ہی بوجھ ڈالا جاتا ہے۔