لاہور(کامرس رپورٹر ) یونائیٹڈ بزنس گروپ نے چینی کی برآمد پر مکمل پابندی کے دانشمندانہ حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ رکن ایگزیکٹو کمیٹی لاہور چیمبر مومن علی ملک کی قیادت میں تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے یو بی جی کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے کہا کہ یہ ایک احسن فیصلہ ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں چینی کی شدید قلت کے خطرہ کا سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے اور اس کی برآمد پر اس وقت تک پابندی عائد کر دی ہے، جب تک ملکی ضروریات کیلئے وافر چینی دستیاب نہیں ہوتی اور اس کی قیمتوں میں استحکام نہیں آ جاتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز کرنا چاہیے اور اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کی لوٹ مار سے معاشرے کے غریب طبقات کو بچانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی خسارے کو محدود کرنے کیلئے حکومت فی الفور تمام پرتعیش اشیاء کی درآمدات پر پابندی عائد کرے اور سمگل شدہ اشیاء کی فوری طور پر نیلامی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی حکام کی ملی بھگت سے ہمسایہ ممالک کو گندم کی سمگلنگ روکنے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں۔ گندم کی نقل و حرکت پر کنٹرول اور سمگلنگ کی روک تھام کیلئے سیٹلائٹ نیٹ ورک کے ذریعے تمام سرحدی علاقوں میں نگرانی بھی کی جا سکتی ہے۔ شہزاد علی ملک نے کہا کہ اگر ضرورت ہو تو گندم کو مکمل دستاویزات کے ساتھ مناسب ذرائع سے برآمد کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یو بی جی تاجر برادری کو درپیش حقیقی مسائل حکومت کے سامنے رکھے گا تاکہ ان کے جائز مسائل کے حل کے اتھ ساتھ کاروباری برادری کو درپیش تمام حقیقی مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے ۔
i چینی کی برآمد پر پابندی: حکومت کا دانشمندانہ فیصلہ ،یونائیٹڈ بزنس گروپ
May 11, 2022