گرمی میں اضافہ میپکو کا ترسیلی نظام فیل گھنٹوں بجلی بند شہری خوار

May 11, 2022


ملتان‘ ہارون آباد‘ دریا خان‘ بستی ملوک (نیوز رپورٹر‘ نامہ نگاروں سے)  جنوبی پنجاب میں درجہ حرارت 45 ڈگری سے تجاوز کرگیا‘ درجہ حرارت میں اضافہ ہوتے ہی میپکو کا ترسیلی نظام جواب دے گیا۔  مرمت کے نام پر 4 سے 6 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری۔ دیہی علاقوں میں 8 گھنٹے بجلی بند۔بجلی کی کھپت میں میں اضافہ ہوتے ہی ٹرپنگ شروع آپریشن افسران کی کمپلینٹ کال  اٹینڈ نہ کرنے کی روش برقرار۔تفصیل کے مطابق ملک کی سب سے بڑی بجلی کی تقسیم کار کمپنی ملتان الیکٹرک پاور کپمنی کا ترسیلی نظام موسم کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی جواب دے گیا ہے ۔ مینٹیننس،سسٹم اپ گریڈیشن اور بائیفرکیشن کے نام پر لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ میپکو لائن لاسز اور بجلی چوری روکنے میں مکمل ناکام ہے ۔ صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہم کرنے کی بجائے میپکو انتظامیہ اور افسران توانائی ریکوری مہم پر مرکوز ہے ۔ ملتان شہر و گردونواح میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 4 سے 6 گھنٹے ہے جبکہ دیہی علاقوں اور قصبوں میں یہ دورانیہ 8 گھنٹے تک پہنچ چکا ہے۔ گرمی میں اضافے کے ساتھ ہی لوڈ کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔ میپکو صارفین کو بوسیدہ اور پرانے ترسیلی نظام کے باعث بار بار ٹرپنگ اور لوڈ شیڈنگ کا  سامنا ہے۔ ایس ڈی اوز اور ایکسین نے صارفین کی کالز اٹینڈ نہ کرنے کی روش برقرار رکھی ہوئی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ بار بار ٹرپنگ اور لوڈ شیڈنگ سے برقی آلات جل رہے ہیں مگر میپکو حکام سسٹم اپ گریڈیشن کی طرف توجہ نہیں دے رہی جس کے باعث طویل لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دریاخان تحصیل ہیڈ کوارٹر میں کئی کئی گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے واپڈا حکام نے سٹی دریاخان کو دو حصوں رولر اور اربن ایریا میں تقسیم کرکے عوام کو تکلیف میں مبتلا کر رکھا ہے۔ عوامی سماجی سیاسی حلقوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے سٹی دریاخان کو دریاخان فیڈر سے ہی منسلک رکھا جائے اور یہ زیادتی بند کی جائے۔ بستی ملوک میں شہریوں  راو جاوید وارث عمران آمین محمد اشرف لیاقت شوکت عباس و دیگر نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ بستی ملوک میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو ختم کیا جائے۔
لوڈشیڈنگ

مزیدخبریں