اسلام آباد (آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیراعظم عمر ان خان کی رہائی تک ملک گیر احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری پر ملک بھر میں احتجاج فطری عمل تھا اور ہے، ، عمران خان کی گرفتاری بلا جواز تھی، کارکن قانون ہاتھ میں نہ لیں، پر امن احتجاج آپ کا قانونی و آئینی حق ہے ۔عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی سینیئر قیادت کا اہم ہنگامی اجلاس وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی صدارت میں ہوا ، اجلاس میں مرکزی قائدین اور ہنگامی کمیٹی کے اراکین شریک ہوئے، اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کو قانون کے مطابق قرار دینے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری پر ملک بھر میں احتجاج فطری عمل تھا اور ہے، جس انداز میں سابق وزیراعظم، پارٹی چیئرمین کو گرفتار کیا گیا اس کا ردعمل فطری تھا، عمران خان کی گرفتاری بلا جواز تھی۔ انہوں نے کہا کہ کارکن اپنا احتجا ج کر رہے ہیں اور احتجاج جاری رکھیں البتہ کارکن قانون ہاتھ میں نہ لیں، پر امن احتجاج آپ کا قانونی و آئینی حق ہے۔ تحریک انصاف نے عمران خان کی رہائی تک ملک گیر احتجاج جاری رکھنے کا بھی اعلان کیا ہے ۔
تحریک انصاف کا عمران کی رہائی تک ملک گیر احتجاج جاری رکھنے کا اعلان
May 11, 2023