اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ موجود پی ٹی آئی کے رہنما بیرون ممالک ایجنسی سے رابطوں میں ہیں۔ وہی عمران خان کو ہٹاکر وزیراعظم بننا چاہتے ہیں، کچھ گیمر لوگ اپنی گرفتاریاں خود کروا رہے ہیں۔ نیشنل پریس کلب میں پر یس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ وقت آگیا ہے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔ سب مسائل سے زیادہ ہمیں اپنا ملک عزیز ہونا چاہیے۔ فیصل واوڈا نے کہا بھارت اس کا بھرپور فائدہ اٹھا رہا ہے، بھارتی سرکار کو پتہ ہونا چاہیے ملکی سلامتی کے لیے سب ایک ہیں، ہم اختلافات میں دشمن کے خواب کو تعبیر دے رہے ہیں، ہم نے عمران خان کی لیڈر شپ سے بہت کچھ سیکھا سمجھا ہے۔ جو عمران خان سے پیار کرتے ہیں ان نوجوانوں سے مخاطب ہوں سب سے پہلے پاکستان، پاکستان ہے تو ہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ارشد شریف سمیت کئی بے گناہ لوگ مارے گئے، انکا حساب ہم لیں گے۔ مجھے اپنے سب پاکستانیوں کی جان عزیز ہے۔ اپنے بزرگوں، ماﺅں بہنوں سے گزارش ہے ہم دشمن کا کام نہ کریں، ہم اگر عمران خان سے پیار کرتے ہیں ملک سے پیار کرتے ہیں تو ایسے کام نہ کریں جس سے خان کے لیے مزید مسائل پیدا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کور کمانڈرز نے احتجاجی بچوں کو اپنی اولاد سمجھا، کور کمانڈرز بردباری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ملک کو بڑی تباہی سے بچانے کے لیے گولی کا آرڈر نہیں دیا۔ قوم جانے گی پہچانے گی ملک میں کون سازش کر رہا ہے۔ قوم، عوام سے گزارش کرتا ہوں صبرو تحمل کا مظاہرہ کریں۔ ہمارے ساتھ جو احتجاج کررہے ہیں وہ پرامن رہیں۔ فیصل واوڈا نے کہا عمران خان کے ساتھ کچھ نارواسلوک نہیں ہوا، پاکستان کے لیے مجھے عدلیہ، اسٹبلشمنٹ، وکلاء حکومت جس کے پاس جانا پڑا جا¶ں گا۔
عمران کے قریبی لوگ غیرملکی ایجنسی کے ساتھ رابطے میں ہیں: فیصل واوڈا
May 11, 2023