لاہور (خبرنگار) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کیس میں تین پولیس افسران کی بریت کی درخواستیں منظور کرلیں۔ عدالت نے سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا، سابق ڈی آئی جی آپریشن عبد الجبار اور ڈی پی او قصور طارق عزیز کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔ ملزمان کے خلاف سانحہ ماڈل ٹاو¿ن میں تشدد کا الزام تھا۔ گزشتہ سماعت پر عوامی تحریک کے وکیل نے بریت کی درخواست پر التوا کی استدعا کی تھی۔ فاضل جج نے استدعا کو مسترد کرتے ہوئے فیصلہ سنانے کا حکم دیا تھا۔ عدالت میں دائر بریت کی درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاو¿ن میں کسی قسم کا کوئی کردار نہیں ہے۔ مدعی جواد حامد نے استغاثہ میں اکیس ماہ کی تاخیر سے ملوث کیا، ملزمان کا مقدمے میں سزا ہونے کا کوئی امکان نہیں، استدعا ہے کہ بری کیا جائے۔ اس کیس میں سابق ڈی سی و کمشنر لاہور کیپٹن (ر) عثمان احمد کی بریت کی درخواست پہلے ہی منظور ہو چکی ہے۔