لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماءپاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے عمران خان کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی رسہ کشی اور حکمران اتحاد کی ہٹ دھرمی نے ملک کو افراتفری، انتشار اور خانہ جنگی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ قومی اتفاق رائے قائم کرنے اور ملک میں امن وامان کی فضاءقائم رکھنے کیلئے حکومت اور اداروں کو طاقت کی بجائے مذاکرات کی راہ اختیار کرنی چاہئے اردارے باہمی چپقلش کے باعث عوام کا اعتماد کھو چکے ہیں۔ معیشت تاریخی تنزلی کا شکار ہے۔ ڈار کے تمام تر دعویوں کے باوجودڈالر کی پرواز نہیں رک سکی۔ بیرونی قرضوں کا حجم بڑھتا جارہا ہے جبکہ مہنگائی کا عفریت پہلے سے ہی عوام کی زندگی کو اجیرن بنا چکا ہے۔ مہنگائی،غربت افلاس اور بے روزگاری میں تیزی سے اضافہ کی وجہ سے مڈل کلاس کاوجود خطرے میں پڑ گیاہے۔ اس وقت ملک کسی بھی قسم کی افراتفری اور انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے۔ پی ڈی ایم کی حکومت مسلسل ایسے اقدامات کررہی ہے جس سے دہشت گردی،فرقہ واریت، مہنگائی ، غربت ، افلاس اور بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومتی اقدامات اور اوچھے ہتھکنڈوں کے باعث دنیا بھر میں ملک کی چک ہنسائی ہورہی ہے ۔