مزارات کی سکیورٹی و سرویلنس کیلئے موثر نظام وضع کرلیا:سیکرٹری اوقاف 


لاہور (خصوصی نامہ نگار) سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا ہے کہ مزارات کی سکیورٹی و سرویلنس کیلئے موثر نظام وضع کرلیا۔ خانقاہیں، مساجد و مدارس سوسائٹی کا نیوکلس اور مرکزملت ہیں۔ ان سے استفادہ ضروری ہے۔ دربار وں پر زائرین کیلئے جدیدسہولیات کی فراہمی کو ” عوام دوست“بنایا گیا ہے، جو کہ عقیدت مندوں کیلئے افادیت کا باعث ہوں گی۔ داتا دربار کی وسیع و عریض کار پارکنگ کیلئے سکیورٹی کوفعال رکھنے کیلئے جدید آلات کی تنصیب کیلئے مختلف سکیورٹی کمپنیز کی خدمات حاصل ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز ایوان ِاوقاف میں داتا دربار پارکنگ کمپلیکس اور دیگر مزارات کی سکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کیلئے” آٹومیشن اینڈ سکیورٹی سلوشن “کی بریفنگ کے موقع پر کیا۔ا س موقع پرڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف رفیق نوروٹو، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن اوقاف آصف اعجاز، ایڈ منسٹریٹر اوقاف داتا در بار توقیر محمود،ایڈ منسٹریٹر اوقاف لاہور زون ویسٹ شاہد حمید ورک، منیجر اوقاف داتا دربار شیخ محمد جمیل، ایس ڈی او لاہور زون مسٹر زوہیب محمود، آٹومیشن اینڈ سیکیورٹی سلوشن کی طرف سے محمد مدثر، محمد سلیمان و دیگر موجود تھے۔ سیکرٹری اوقاف نے کہا کہ مزارات کی سکیورٹی اور وقف پراپرٹیز کی سرویلنس، مانیٹرنگ اور نگرانی کیلئے موثر حکمت عملی تشکیل دے دی ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن