نئے ماسٹر پلان میں گرین ایریاز کی واضح حد بندی کی جائے: ابراہیم مراد

May 11, 2023

لاہور (خبرنگار) نگران وزیر بلدیات ابراہیم مراد نے ہدایت کی ہے کہ پنجاب کے 11 اضلاع کے نئے ماسٹر پلان میں گرین ایریاز کی واضح طور پر حد بندی کی جائے۔ بڑے شہروں میں آلودگی پر قابو پانے کیلئے گرین ایریاز میں نئی رہائشی سکیموں کی ہرگز اجازت نہ دی جائے اور وہاں غیر قانونی طور پر بنائی جانے والی رہائشی سکیموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات پورا کرنے کیلئے زرعی رقبے کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔وہ پنجاب کے 11 اضلاع کے ماسٹر پلان کی تیاری کے سلسلے میں پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ ام لیلیٰ نقوی نے بریفنگ دی۔ ابراہیم مراد نے کہا کہ شہروں میں ہونے والی کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں معیشت کے استحکام کی ضمانت ہیں۔ شہریوں کو روزگار کے مواقع مہیا کرنے کی خاطر چھوٹے شہروں میں کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں کیلئے بزنس زونز یا اکنامک کوریڈورز بنائے جائیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ بلدیات راولپنڈی ، سیالکوٹ ، گوجرانوالہ، اوکاڑہ ، ساہیوال،خانیوال ، وہاڑی، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ ، بہاولپور اور رحیم یار خان کے ماسٹر پلان تیار کر رہا ہے۔ پنجاب کے 11 اضلاع کے لینڈ یوز کلاسیفیکیشن میپ بنا کر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ارسال کر دئیے گئے ہیں۔ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی منظوری اور نوٹیفیکیشن کے بعد ان اضلاع کے لینڈ یوز پلان بنانے جائیں گے۔ پنجاب کے 11 اضلاع کے لینڈ یوز پلان آئندہ 20 سال کی ضروریات پوری کر سکیں گے۔

مزیدخبریں