تہران (نوائے وقت رپورٹ) ایران نے دو مختلف شہروں میں ‘‘کوکین کے سلطان’’ کے نام سے مشہور منشیات فروش سمیت 7 قیدیوں کو تختہ دار پر لٹکا دیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق عدالت نے کوکین کی تقسیم کے سب سے بڑے گروپ کے تین کارندوں کو پھانسی پر لٹکا دیا جن میں کوکین کا سلطان کے نام سے عالمی شہرت حاصل کرنے والا حسین پنجک بھی شامل ہے۔ عدالتی ترجمان کا کہنا ہے کہ آج ہی کے دن 3 منشیات فروشوں کے ساتھ مزید 4 دیگر مجرموں کو بھی کرج کی راجائی شہر جیل میں پھانسی دی گئی تاہم ان چاروں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ کوکین کے سلطان 32 سالہ حسین پنجک اور اس کے ساتھیوں کو اس وقت گرفتار کیا تھا جب یہ لوگ اپنی بڑھتی ہوئی دولت کا جشن منا رہے تھے۔ ان ملزمان کے قبضے سے 750 کلوگرام ہیروئن، کوکین اور افیون بھی برآمد ہوئی تھی۔ یہ گروپ منشیات فروشی کا عالمی گینگ چلا رہا تھا۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے ایران میں رواں برس پھانسیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر ہفتے اوسطاً 10 سے زیادہ افراد کو پھانسی دی جا رہی ہے۔