لاہور (خبر نگار) محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق ایم پی ایز احمد شاہ کھگہ، نعیم ابراہیم، یاور عباس بخاری اور وقاص قیوم کو (آج) 11 مئی بروز جمعرات کو طلب کر لیا۔ سابق ایم پی ایز احمد شاہ کھگہ اور نعیم ابراہیم پر الزام ہے کہ انہوں نے محکمہ ایجوکیشن پنجاب میں کلاس فور کی آسامیوں پر بھرتی کے عوض بھاری رشوت وصول کی ہے۔ احمد شاہ کھگہ اور نعیم ابراہیم نے ہر آسامیوں پر بھرتی کیلئے 10 لاکھ روپے رشوت وصول کی۔ احمد شاہ کھگہ اور نعیم ابراہیم نے کلاس فور کی 190 آسامی پر بھرتی کرائی۔ یاور عباس بخاری پر اٹک میں 50 کروڑ روپے کی ہائی وے کی سکیم کا ٹھیکہ اپنے فرنٹ مین امجد کو دلوانے کا الزام ہے۔ یاور عباس بخاری کو اینٹی کرپشن پنجاب نے اس سے قبل 3 نوٹس جاری کیے مگر وہ تفتیشی افسر کے سامنے پیش نہ ہوئے۔ وقاص قیوم پر الزام ہے کہ انہوں نے ٹورزم کے منصوبے کا نقشہ تبدیل کروا کر اپنے گھروں کو پختہ سڑک سے منسلک کروایا ہے۔ ٹورزم کے منصوبے کا نقشہ تبدیل ہونے سے منصوبے کی لاگت میں 200 ملین روپے کا اضافہ ہوا۔ اینٹی کرپشن پنجاب نے ان ایم پی ایز کو طلبی کا آخری نوٹس جاری کیا ہے، اگر وہ 11 مئی کو پیش نہ ہوئے تو یکطرفہ کارروائی کی جائے گی۔